مدھیہ پردیش کے ایم ایل اے پردیپ پٹیل کو پولیس کے سامنے لیٹ کر پرنام کرنے کی ضرورت کیوں پڑی؟
اس سے پہلے بھی وہ کئی بار اس طرح کی حیرت انگیز کارنامے کر کے میڈیا میں سرخیاں بٹور چکے ہیں۔ انہوں نے اپنی ہی حکومت کے خلاف دھرنا بھی دیا تھا۔ ایک بار تو انہوں نے خود کو آفس میں بھی قید کر لیا تھا۔
بھوپال: مدھیہ پردیش کے مؤ گنج ضلع کے ایم ایل اے پردیپ پٹیل کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ پولیس سپرنٹنڈنٹ کے آف پہنچ کر اے ایس پی کے سامنے زمین پر لیٹتے ہوئے پرنام کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ صرف اتنا ہی نہں، رکن اسمبلی ایسا کرتے ہوئے غنڈوں سے حفاظت کی بھیک بھی مانگتے ہیں۔
اس وائرل ویڈیو سے لوگوں کے درمیان یہ واقعہ موضوع بحث بنا ہوا ہے کہ ایک منتخب ایم ایل اے آخر اتنا بے بس کیسے ہو گیا کہ اسے اپنی بات کہنے کے لیے پولیس کے سامنے سجدہ کرنا اور گڑگڑانا پڑ رہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اس سے پہلے بھی وہ کئی بار اس طرح کے عجیب و غریب حرکت کر کے میڈیا میں سرخیاں بٹور چکے ہیں۔ انہوں نے اپنی ہی حکومت کے خلاف دھرنا بھی دیا تھا۔ ایک بار تو انہوں نے خود کو آفس میں بھی قید کر لیا تھا۔ ان کے بارے یہ بھی مشہور ہے کہ وہ اپنی گاڑی میں گدا اور کمبل بھی لے کر چلتے ہیں اور اچانک دھرنے پر بیٹھ جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رکن اسمبلی نے علاقہ میں پھیل رہی نشہ کی لت اور اس کے کاروبار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ اقدام اٹھایا تھا۔ انہوں نے اس حوالہ سے ایک میمورنڈم بھی پولیس سپرنٹنڈنٹ کو سونپا۔ جس میں ضلع میں منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کی بات کہی گئی ہے۔
انہوں نے اپنے پریس نوٹ میں آئی جی مہیندر سنگھ اور اے ایس پی انوراگ پانڈے پر بھی سنگین الزام لگائے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افسران بھی اس نشہ کے کاروبار میں شامل ہیں۔ اس پورے معاملہ کو لیکر مؤ گنج پولیس سپرنٹنڈنٹ رسنا ٹھاکر کا کہنا ہے کہ ایم ایل اے پردیپ پٹیل نے نشے کا کاروبار روکنے کا میمورنڈم دیا ہے۔ پولیس اس معاملہ میں مزید کاروائی کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔