مولانا عمیر الیاسی شہریت ترمیمی قانون کے خاتمہ کی دعا کرانے پر کیوں تیار نہیں ہوئے؟
سینئر صحافی فرہان یحٰی مولانا عمیر الیاسی سے یہ کہہ رہے ہیں کہ کیا وہ شہریت ترمیمی قانون کے خاتمہ کے لئے دعا کریں گے لیکن مولانا امت کے لئے دعا جاری رکھتے ہیں مگر قانون کے خاتمہ کے لئے دعا نہیں کرتے
شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کو لے کر عوام میں اور خاص طور سے مسلمانوں میں زبردست بے چینی ہے۔ اس کے خلاف ملک گیر مظاہرہ ہو رہے ہیں اور نوجوان اور طلباء سڑکوں پر اترے ہوئے ہیں۔ دہلی کے اوکھلا علاقہ میں واقعہ جامعہ ملیہ اسلامیہ یونورسٹی کے طلباء نے جو مظاہرہ شروع کیا تھا وہ وہاں جاری ہے اور علاقہ کے کئی حصوں میں مسلمان اس قانون کو ختم کیے جانے کے لئے اللہ تعلی سے دعا گو بھی ہیں اور وہ اس کے لئے روزہ بھی رکھ رہے ہیں۔
اسی درمیان مولانا جمیل الیاسی کے صاحبزادے چیف امام مولانا عمیر احمد الیاسی کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں دہلی سے شائع ہونے والے اردو اخبار کے ایک سینئر صحافی فرہان یحٰی مولانا عمیر الیاسی سے بار بار یہ کہہ رہے ہیں کہ کیا وہ شہریت ترمیمی قانون کےخاتمہ کے لئے دعا کریں گے لیکن مولانا امت کے لئے دعا جاری رکھتے ہیں مگر اس قانون کے خاتمہ کے لئے دعا نہیں کرتے، جبکہ صحافی دعا کے دوران ہی کئی مرتبہ اپنی بات کو دہراتے ہیں۔
واضح رہے مولانا عمیر الیاسی نے حال ہی میں رام لیلا میدان میں منعقد ایک مذہبی تقریب میں شرکت کی تھی جس مہمان خصوصی کے طور پر آر ایس ایس کے سر سنگھ چالک موہن بھاگوت نے شرکت کی تھی اور مولانا کے جھکاؤ کے تعلق سے زیادہ کچھ چھپا نہیں ہے۔ اس ویڈیو سے یہ بات صاف ہے کہ مولانا کو اس قانون سے کوئی تکلیف نہیں ہے اسی لئے وہ اس کے خاتمہ کے لئے دعا کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
واضح رہے اس ویڈیو سے ایک اور بات سامنے آئی ہے کہ مولانا اپنی قیادت میں تقریباً پانچ سو لوگوں کے ایک وفد کے ساتھ وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ حکومت کو اس تناؤ کے ماحول میں مسلمانوں کے ایک وفد کی سخت ضرورت ہے تاکہ وہ قانون کے حق میں تشہیر کر سکیں۔
واضح رہے اہل تشیع کے معروف امام مولانا کلب جواد صاحب کے تعلق سے اے این آئی نیوز ایجنسی میں ایک بیان آیا تھا کہ شہریت ترمیمی قانون سے ہندوستانی مسلمانوں پر کوئی اثر نہیں پڑتا جس کے بعد مسلمانوں نے ان کے خلاف زبردست ناراضگی کا اظہار کیا۔ بڑھتی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے مولانا کلب جواد نے اپنا ایک وضاحتی بیان جاری کیا۔ مسلمانوں میں یہ بے چینی ہے کہ اس ویڈیو میں مولانا شہریت ترمیمی قانون کے خاتمہ کے لئے دعا کرنے کے لئے کیوں تیار نہیں ہوئے؟
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Dec 2019, 6:30 PM