فلم انڈسٹری کو بلی کا بکرا بنا کر کسے بچا رہی ہے این سی بی؟ نواب ملک

نواب ملک نے کہا کہ این سی بی کا فرض ہے کہ وہ اصل ڈرگ اسمگلروں کو پکڑے، لیکن ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا ہے۔ بلکہ فلم انڈسٹری کے نشہ خوروں کو گرفتار کر کے ڈرگ اسمگلروں کو بچا رہی ہے؟

این سی پی لیڈر نواب ملک / تصویر آئی اے این ایس
این سی پی لیڈر نواب ملک / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مہاراشٹر حکومت میں وزیر اور این سی پی رہنما نواب ملک نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) پر اصل ڈرگ اسمگلروں کو بچانے اور فلم انڈسٹری کو بلی کا بکرا بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے اتوار کے روز کہا کہ این سی بی کا فرض ہے کہ وہ ڈرگ اسمگلروں کو ٹریک کرے اور پکڑے لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، بلکہ این سی بی انہیں بچانے کا کام کر رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات چیت میں نواب ملک نے کہا کہ این سی بی ان لوگوں کو گرفتار کر رہی ہے جو ڈرگ کا استعمال کرتے ہیں یا وہ نشہ خور ہیں، انہیں بحالی مراکز میں بھیجا جانا چاہیے نہ کہ جیل۔ نواب ملک نے کہا کہ این سی بی کا فرض ہے کہ وہ اصل ڈرگ اسمگلروں کو پکڑے، لیکن ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا این سی بی فلم انڈسٹری کے نشہ خوروں کو گرفتار کر کے ڈرگ اسمگلروں کو بچا رہی ہے؟


خیال رہے کہ ممبئی میں ڈرگ معاملہ میں کئی اہم ہستیوں پر شکنجہ کسا جا رہا ہے۔ کامیڈین بھارتی سنگھ کو ہفتہ کے روز این سی بی نے گانجا لینے کے الزام میں گرفتار کیا، جبکہ دیر رات گئے ان کے شوہر ہرش لمباچیا کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ اس سے قبل بالی ووڈ اداکار ارجن رامپال اور ان کی لیو اِن پارٹنر سے بھی این سی بی نے پوچھ گچھ کی تھی۔

بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو گرفتاری کے بعد این سی بی نے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے دونوں کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔ دونوں نے ضمانت کے لئے بھی درخواست پیش کر دی ہے جس پر کل یعنی پیر کے روز سماعت کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔