چین کے خلاف کارروائی میں پورا ملک یکجا، لیکن سچ بولیں وزیر اعظم: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا، ’’وزیر اعظم بے خوف ہوکر سچ بتائیں کہ چین نے زمین پر قبضہ کیا ہے اور ہم کارروائی کرنے جا رہے ہیں، پورا ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے‘‘
نئی دہلی: کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر چین تنازعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولا ہے۔ ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم کو بغیر ڈرے، بغیر گھبرائے سچ بتانا چاہئے کہ چین نے ہماری زمین پر قبضہ کیا ہے اور ہم کارروائی کرنے جا رہے ہیں، پورا ملک آج آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ لداخ میں واقع وادی گلوان میں سرحد پر چینی فوجیوں نے ہندوستان کے 20 جوانوں کو شہید کر دیا تھا جبکہ کئی جوانوں کو اغوا بھی کر لیا تھا۔ تبھی سے حکومت کی جانب سے اس معاملہ پر یا تو خاموشی اختیار کی جا رہی ہے یا پھر گول مول باتیں کی جا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس سمیت تمام حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت کو ہدف تنقید بنا ہی ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں راہل گاندھی نے کہا کہ پورا ملک یکجا ہو کر فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے لیکن ایک ضروری سوال بھی اٹھ رہا ہے، کچھ دن قبل ہمارے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ کوئی ہندوستان میں داخل نہیں ہوا اور کسی نے ہماری زمین پر قبضہ نہیں کیا۔ جبکہ سٹیلائٹ تصاویر میں نظر آ رہا ہے، فوج کے سابق جنرل کہہ رہے ہیں اور لداخ کے لوگ بھی مان رہے ہیں کہ چین نے ایک مقام پر نہیں بلکہ تین مقامات پر ہندوستانی زمین پر قبضہ کیا ہے۔
راہل گاندھی نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم، آپ کو سچ بولنا پڑے گا، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر آپ کہیں گے کہ زمین نہیں گئی ہے اور چین نے زمین ہتھیا لی ہے تو اس کا فائدہ چین کو ہوگا۔ ہمیں متحد ہو کر لڑنا ہے اور اٹھا کر پھینکنا ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ہمارے شہید جوانوں کو بغیر ہتھیار کے آخر سرحد پر کسنے اور کیوں بھیجا تھا!
واضح رہے کہ کانگریس رہنما راہل گاندھی چین کے مسئلہ پر لگاتار مودی حکومت پر نشانہ لگا رہے ہیں۔ اس سے پہلے راہل گاندھی نے سوال اٹھایا تھا کہ جوان نہتے ہو کر سرحد پر کیوں گئے تھے! اس پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے انہیں جواب بھی دیا تھا۔
خیال رہے کہ کُل جماعتی اجلاس کے دوران وزیر اعطم نریندر مودی نے کہا تھا کہ چین نے درندازی نہیں کی ہے، جس کے بعد حزب اختلاف نے سوالات کھڑے کئے تھے۔ تاہم بعد میں دفتر وزیر اعظم کی طرف سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم نے صرف تصادم کے مقام کی بات کی تھی اور یہ نہیں کہا تھا کہ چین نے درندازی نہیں کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Jun 2020, 6:40 PM