دوست دوست نہ رہا! وہائٹ ہاؤس نے پی ایم مودی کو ٹوئٹر پر کیا اَن فالو
ہندوستان کی جانب سے ہائیڈراکسی کلوروکوئن دوا دینے کا فیصلہ لینے کے بعد 10 اپریل کو وہائٹ ہاؤس کے ٹوئٹر ہینڈل نے کچھ ہندوستانی ٹوئٹر ہینڈل کو فالو کیا تھا، لیکن اب سبھی کو اَن فالو کر دیا گیا ہے۔
کورونا بحران کے درمیان ہائیڈراکسی کلوروکوئن دوا ملنے کے بعد جو امریکہ دن رات وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریفوں کے پل باندھ رہی تھی، اب اس نے کام ہونے کے بعد پی ایم مودی کو نظرانداز کرنا شروع کر دیا ہے۔ دراصل یہ ہم نہیں کہہ رہے ہیں بلکہ وہائٹ ہاؤس نے ایک ایسا قدم اٹھایا ہے جس سے کچھ ایسا ہی محسوس ہوتا ہے۔ کورونا وائرس بحران کے درمیان حکومت ہند کے ٹوئٹر ہینڈل کو لے کر امریکہ کا رخ بدل گیا ہے۔ اس نے پی ایم مودی کے ٹوئٹر ہینڈل کو اَن فالو کر دیا ہے۔
جب امریکہ کو ہائیڈراکسی کلوروکوئن دوائی کی مدد چاہیے تھی تو ہندوستان نے آگے بڑھ کر اس کی مدد کی تھی۔ اسی کے کچھ دن بعد وہائٹ ہاؤس نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم نریندر مودی سمیت ہندوستان کے 6 ٹوئٹر ہینڈل کو فالو کرنا شروع کیا تھا۔ لیکن اب کچھ دن کے بعد وہائٹ ہاؤس نے ایک بار پھر ان سبھی ہینڈل کو اَن فالو کر دیا ہے۔
غور طلب ہے کہ ہندوستان نے جب کورونا وائرس سے لڑائی کے لیے ہائیڈراکسی کلوروکوئن دینے کا فیصلہ لیا، اس کے بعد 10 اپریل کو وہائٹ ہاؤس کے ٹوئٹر ہینڈل نے کئی ہندوستانی ٹوئٹر ہینڈل کو فالو کیا۔ ان میں پی ایم مودی، پی ایم دفتر، راشٹرپتی بھون، امریکہ میں ہندوستانی سفارتخانہ اور ہندوستان میں امریکی سفارتخانہ کو فالو کیا گیا۔ ان کے علاوہ ہندوستان میں امریکہ کے سفیر کین جسٹر کو بھی فالو کیا گیا تھا۔
ان سبھی کے ساتھ وہائٹ ہاؤس کے ذریعہ فالو کیے جانے والے لوگوں کی تعداد 19 ہو گئی تھی، جس میں سبھی غیر ملکی ہینڈل ہندوستان سے تعلق رکھتے تھے۔ اب کچھ دن کے بعد وہائٹ ہاؤس نے واپس ان سبھی ٹوئٹر ہینڈل کو اَن فالو کر دیا ہے۔ وہائٹ ہاؤس اب صرف 13 ٹوئٹر ہینڈل کو فالو کر رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس کو لے کر کئی طرح کی باتیں اور قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔