سنسکرت کو قومی زبان قرار دینے کی عرضی پر سپریم کورٹ کا سماعت سے انکار ’سنسکرت میں ایک جملہ ادا کر کے دکھا دیں!‘

عرضی میں کہا گیا کہ’’ہندوستان کو اسرائیل سے عبرت حاصل کرنی چاہئے، جس نے 1948 میں انگریزی کے ساتھ عبرانی زبان کو بھی اپنی سرکاری و قومی زبان قرار دیا۔‘‘

سنسکرت زبان / آئی اے این ایس
سنسکرت زبان / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: عدالت عظمیٰ نے جمعہ کے روز اس عرضی پر سماعت سے انکار کر دیا جس میں سنسکرت کو ہندوستان کی قومی زبان قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عرضی کو مسترد کرتے ہوئے جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس کرشن مراری کی بنچ نے کہا کہ یہ ایک پالیسی ساز معاملہ ہے جس کے لئے آئین میں ترمیم کی ضرورت ہے، لہذا عدالت اس پر کوئی فیصلہ نہیں سنا سکتی۔

سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے عرضی گزار سے پوچھا کہ ’’ہندوستان میں کتنے شہر ایسے ہیں جہاں سنسکرت بولی جاتی ہے؟ کیا آپ سنسکرت میں بات کرتے ہیں؟ کیا آپ سنسکرت میں کوئی ایک جملہ ادا کر سکتے ہیں۔ کیا آپ اپنی عرضی کا سنسکرت میں ترجمہ کر سکتے ہیں؟‘‘ اس پر عرضی گزار نے سنسکرت میں ایک شلوک پڑھنا شروع کر دیا۔ سپریم کورٹ نے انہیں بیچ میں ہی روکتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب جانتے ہیں!


خیال رہے کہ مذکورہ عرضی گجرات کے سابق ایڈیشنل سکریٹری کے جی ونجارا کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں سنسکرت کو قومی زبان کے طور پر نوٹیفائی کرنے کے لئے مرکز کو ہدایت جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عرضی میں کہا گیا ’’ہندوستان کو اسرائیل سے عبرت حاصل کرنی چاہئے، جس نے 1948 میں انگریزی کے ساتھ عبرانی زبان کو بھی اپنی سرکاری و قومی زبان قرار دیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔