’آخر وزیر اعظم منی پور پر اپنا منھ کب کھولیں گے‘؟ پرینکا گاندھی نے پی ایم مودی اور حکومت کی خاموشی پر اٹھایا سوال

پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ ’’منی پور کو غیر مستحکم ہوئے ایک سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ یہاں کے لوگ تشدد، قتل، فساد اور ہجرت برداشت کر رہے ہیں۔ ہزاروں معصوم راحت کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے منی پور دورے کے بعد ریاست کے حالات سے متعلق وزیر اعظم مودی کی خاموشی پر پھر سے سوال اٹھنے لگے ہیں۔ اب یہ سوال کانگریس کی جنرل سکریٹری اور وائناڈ پارلیمانی حلقہ سے پارٹی کی امیدوار پرینکا گاندھی نے اٹھایا ہے۔ انہوں نے راہل گاندھی کے منی پور دورہ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ ’’آخر وزیر اعظم منی پور پر اپنا منھ کب کھولیں گے اور حکومت منی پور میں امن و امان قائم کرنے کی کوشش کیوں نہیں کر رہی ہے؟‘‘

کانگریس کی جنرل سکریٹری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں انہوں نے راہل گاندھی کے منی پور دورے کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس پوسٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’’منی پور کو غیر مستحکم ہوئے ایک سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ یہاں کے لوگ تشدد، قتل، فساد اور ہجرت برداشت کر رہے ہیں۔ ہزاروں معصوم راحت کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ آخر وزیر اعظم منی پر اپنا منھ کب کھولیں گے؟ آخر حکومت منی پور میں امن و امان کی بحالی کے لیے کوشش کیوں نہیں کر رہی ہے؟‘‘

واضح رہے کہ اس سے قبل اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پیر (8 جولائی) کو منی پور کا دورہ کیا تھا اور متاثرین سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے جمعرات (11 جولائی) کو ایک ویڈیو پوسٹ کیا، جس میں وہ منی پور کے لوگوں سے بات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے اپنے ایکس ہینڈل پر اسی ویڈیو کو شیئر کیا ہے۔


منی پور کے اپنے دورے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’منی پور میں تشدد شروع ہونے کے بعد میں یہ تیسری بار یہاں آیا ہوں۔ لیکن بدقسمتی سے حالات میں کوئی بہتری نظر نہیں آ رہی ہے۔ آج بھی ریاست دو ٹکڑوں میں تقسیم ہے۔ گھر جل رہے ہیں، معصوم جانیں خطرے میں ہیں اور ہزاروں خاندان ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ وزیر اعظم کو منی پور خود آ کر ریاست کے لوگوں کی تکلیف سنتے ہوئے امن کی اپیل کرنی چاہیے۔ کانگریس پارٹی اور ’انڈیا‘ منی پور میں امن کی ضرورت کو پارلیمنٹ میں پوری طاقت کے ساتھ اٹھا کر حکومت پر اس المیہ کو ختم کرنے کا دباؤ بنائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔