رام مندر میں ’پران پرتشٹھا‘ کے وقت مسلمان جشن منائیں اور مسجدوں میں عبادت کریں! آر ایس ایس لیڈر کی اپیل

آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایودھیا میں تعمیر ہو رہے رام کے مندر کی پران پرتشٹھا کا دن شان و شوکت کے ساتھ منائیں

<div class="paragraphs"><p>اندریش کمار / آئی اے این ایس</p></div>

اندریش کمار / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے وابستہ مسلم راشٹریہ منچ کے بانی، چیف سرپرست اور سینئر آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایودھیا میں تعمیر ہو رہے رام کے مندر کی پران پرتشٹھا کا دن شان و شوکت کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 جنوری 2024 کو صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک جب ایودھیا میں رام للا کی مورتی نصب کی جائے تو درگاہوں، مدرسوں، مکتبوں اور مسجدوں میں اپنے مذاہب کے مطابق ملک کی ترقی، خوشحالی اور ہم آہنگی کے لیے دعا کریں۔

انہوں نے شام کے وقت ان مقامات پر چراغ جلانے کی بھی اپیل کی ہے کیونکہ ان کے مطابق ’مسلمان بھی مانتے ہیں کہ رام ہر ذرے میں ہے، رام سب میں ہے۔ رپورٹ کے مطابق رام للا کے قیام کے موقع پر مسلم راشٹریہ منچ کے کارکن 6 سے 15 دن تک مارچ کرنے کے بعد ایودھیا پہنچیں گے۔


اتوار کو راجدھانی دہلی میں آل انڈیا ریڈیو کے رنگ بھون آڈیٹوریم میں کتاب ’رام مندر، راشٹرا مندر - ایک مشترکہ ورثہ (کچھ ان سنی باتیں)‘ کتاب کے اجراء کے پروگرام میں اندریش کمار نے کہا کہ ’’جسے بے زبان کی زبان کا بھی علم ہے، وہی خدا ہے، وہی پرمیشور ہے، وہی گاڈ ہے، وہی رام ہے!‘‘

انہوں نے کہا ’’ملک بھر سے یہاں آنے والے لوگوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے، اسی لیے سر سنگھ چالک موہن بھاگوت نے کہا تھا کہ ہم سب کا ڈی این اے ایک ہے۔‘‘

اندریش کمار نے کہا ’’آنے والے دنوں میں تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے تمام مذاہب کو آگے آنا ہوگا اور سوچنا ہوگا۔ یہ کتاب گیتا سنگھ اور عارف خان بھارتی نے مل کر لکھی ہے۔ اس کا دیباچہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے تحریر کیا ہے۔‘‘


کتاب کے اجراء کے موقع پر اندریش کمار کے ساتھ کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان، وشو ہندو پریشد کے بین الاقوامی ایگزیکٹو صدر آلوک کمار، شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر (ٹرسٹ) - ایودھیا کے خزانچی گووند دیو گری سمیت کئی افراد موجود تھے۔ اس موقع پر مسلم راشٹریہ منچ سے وابستہ افراد بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔