وہاٹس ایپ نے ایک مہینے میں 20 لاکھ ہندوستانی اکاؤنٹ پر لگائی پابندی

اپنی پہلی تعمیلی رپورٹ میں وہاٹس ایپ نے بتایا کہ ’’تنہا ہندوستان میں 15 مئی سے 15 جون تک غلط استعمال کی کوشش کرنے والے 20 لاکھ اکاؤنٹ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔‘‘

واٹس ایپ / آئی اے این ایس
واٹس ایپ / آئی اے این ایس
user

تنویر

نئے آئی ٹی ضابطوں کے تحت میسجنگ سروس کمپنی وہاٹس ایپ نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس سال 15 مئی سے 15 جون کے درمیان 20 لاکھ ہندوستانی اکاؤنٹ پر روک لگائی گئی ہے، جب کہ اس دوران اسے شکایت کی 345 رپورٹ موصول ہوئی۔ اس طرح وہاٹس ایپ نے آئی ٹی کے نئے ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے اپنی پہلی ماہانہ تعمیلی رپورٹ پیش کر دی ہے۔

دراصل نئے انفارمیشن ٹیکنالوجی قوانین کے تحت 50 لاکھ سے زیادہ صارفین والے اہم ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے ہر مہینے تعمیلی رپورٹ شائع کرنا ضروری ہے۔ اس رپورٹ میں ان پلیٹ فارمس کے لیے انھیں ملنے والی شکایتوں اور ان پر کی جانے والی کارروائی کا تذکرہ کرنا ضروری ہے۔


بہر حال، وہاٹس ایپ نے جمعرات کو اپنی پہلی تعمیلی رپورٹ کے تعلق سے کہا کہ ’’ہماری خصوصی توجہ اکاؤنٹ کو بڑے پیمانے پر مضر یا ناپسندیدہ پیغامات بھیجنے سے روکنا ہے۔ ہم بہت زیادہ یا غیر معمولی شرح سے پیغام بھیجنے والے ان اکاؤنٹ کی شناخت کرنے کے لیے اعلیٰ صلاحیت کو بنائے ہوئے ہیں اور تنہا ہندوستان میں 15 مئی سے 15 جون تک اس طرح کے غلط استعمال کی کوشش کرنے والے 20 لاکھ اکاؤنٹ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔‘‘

کمپنی نے واضح کیا کہ 95 فیصد سے زیادہ ایسی پابندیاں خود سے چلنے والی یا بلک میسجنگ (اسپیم) کے غلط استعمال کے سبب لگائی گئی ہیں۔ فیس بک کی ملکیت والی اس کمپنی نے بتایا کہ پابندی لگائے جانے والے اکاؤنٹ کی تعداد 2019 کے بعد سے بڑھی ہے کیونکہ اس کا سسٹم زیادہ مضبوط ہو گیا اور اس طرح کے زیادہ اکاؤنٹ کا پتہ لگانے میں مدد ملتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔