آپ 10 سال سے حکومت میں تھے، ’پی او کے‘ کو ہندوستان میں ملانے سے کس نے روکا تھا؟ سنجے راؤت

شیوسینا-یو بی ٹی کے لیڈر سنجے راؤت نے ’پی او کے‘ کے حوالے سے امت شاہ اور یوگی آدتیہ ناتھ کے بیانات پر سوال کیا ہے کہ 10 سال تک آپ حکومت میں تھے، آپ کو ایسا کرنے سے کس نے روکا تھا؟

<div class="paragraphs"><p>سنجے راؤت / تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

سنجے راؤت / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

شیو سینا-یو بی ٹی کے لیڈر سنجے راؤت نے وزیر داخلہ امت شاہ اور یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کے پی او کے کو ہندوستان میں ملانے کے حوالے سے دیئے گیے بیان پر سخت سوال کیا ہے۔ انہوں نے پوچھا ہے کہ گزشتہ 10 سالوں سے مرکز میں آپ کی حکومت ہے، آپ کو ’پی او کے‘ کو ہندوستان میں ملانے سے کس نے روکا تھا؟

واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور یوپی کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ نے انتخابی ریلی کے دوران یہ بیان دیا ہے کہ اگر نریندر مودی دوبارہ ملک کے وزیر اعظم بنتے ہیں تو پی او کے ہندوستان میں ہوگا۔ ’انڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ کے مطابق سنجے راؤت نے کہا، ’’پہلے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور پھر یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ دونوں نے کہا ہے کہ پی او کے کو ہندوستان میں ملایا جائے گا۔ لیکن میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ انہیں پچھلے 10 سالوں میں ایسا کرنے سے کس نے روکا؟‘‘


راؤت نے کہا کہ پی او کے کا مسئلہ پالگھر یا وسئی (ممبئی سے متصل دو شہر) میں اٹھانے کے بجائے بی جے پی کو سری نگر میں اٹھانا چاہئے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ پی او کے کے بارے میں بات کرنے کے لیے یہ صحیح جگہ نہیں ہے۔ یہ مسئلہ امت شاہ نے پالگھر میں اور یوگی آدتیہ ناتھ نے وسئی میں اٹھایا ہے۔

سنجے راؤت نے کہا کہ پی ایم مودی نے اپنی ایک ریلی میں اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان کو چوڑیاں پہننے پر مجبور کر دیں گے لیکن اصل سوال کہاں ہے؟ پی ایم مودی نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو حلف برداری کے لیے مدعو کیا تھا اور یہ پی ایم مودی ہی تھے جو اچانک پاکستان پہنچے اور پاکستانی وزیر اعظم کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی اور کیک کاٹا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔