ماحول کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کے بعد وضاحتوں سے کیا حاصل : ممتا بنرجی

بی جے پی کے ایک لیڈر گولی مارنے کی بات کرتے ہیں ، اس پر ہی بس نہیں کیا گیا بلکہ کئی اورلیڈروں نے پوری مہم کو فرقہ وارانہ بنانے کی بھر پور کوشش کی۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں شاہ کی قیات میں فرقہ وارانہ مہم چلائی گئی ، ماحول کو خراب کیا گیا اور شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مہم چلانے والوں کو گولی مارنے کی بات کی گئی مگر اس وقت بی جے پی کی مرکزی قیادت خاموش تماشائی رہی اور اب وہ ان بیانات سے کنارہ کررہی ہے تو اس سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگااور تاریخ کبھی بھی معاف نہیں کرے گی۔

خیال رہے کہ امت شاہ نے کل دہلی میں ایک پروگرام میں اعتراف کیا کہ ممکن ہے ’’ملک کے غداروں کو گولی مارو سالوں‘‘ جیسے بیانات سے نقصان ہوا ہوگا اور اس طرح کے بیانات نہیں دیئے جانے چاہییے تھے۔ ساتھ ہی انہوں نےکرنٹ لگنے والے بیان پر بھی وضاحت پیش کی ۔


اسمبلی میں گورنر کے خطاب پر تحریک شکریہ میں حزب اختلاف کے سوالوں کا جواب دیتے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کے ایک لیڈر گولی مارنے کی بات کرتے ہیں ، اس پر ہی بس نہیں کیا گیا بلکہ کئی اورلیڈروں نے پوری مہم کو فرقہ وارانہ بنانے کی بھر پور کوشش کی۔اس وقت اس طرح کے بیانوں کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ خود بھی اس میں شامل تھے اور اب غلطی کااعتراف کررہے ہیں ۔جو لوگ خود کو نہیں سنبھال سکتے ہیں انہیں تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔

اس سے قبل امت شاہ نےکہا تھا کہ’دہلی کے انتخاب سے متعلق میرا اندازہ غلط تھا۔ پارٹی لیڈروں کو اس طرح کے تبصرے نہیں کرنا چاہیے تھا۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے انتخابی مہم کے دوران شاہین باغ میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کررہے خواتین کے احتجاج کو پاکستان اور دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی ۔کئی بی جے پی لیڈروں نے اس طرح کے بیانانات دئیے تھے۔


ممتا بنرجی ہمیشہ سے ہی بی جے پی کی پولرائزیشن سیاست کی مخالفت کرتی رہی ہیں اور اس وقت شہریت کے قوانین ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ریاست بھرمیں مہم چلارہی ہیں ۔ممتا بنرجی نے دہلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہلی کے عوام نے نفرت انگیز مہم کو ٹھکرادیا ہے اورایک کے بعد ایک ریاستوں میں بی جے پی کی شکست ہورہی ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کی پالیسیوں کو عوام نے ٹھکرادیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔