مغربی بنگال: دھند کی وجہ سے کئی گاڑیاں متصادم، حادثہ میں 13 افراد ہلاک
جلپائی گڑی میں گزشتہ رات شدید کہرے کی وجہ سے حادثے میں کئی گاڑیاں متصادم ہو گئیں، اس حادثہ کے سبب 13 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ دیگر کئی زخمی بھی ہوئے
کولکاتا: مغربی بنگال کے جلپائی گڑی کے دھوپگڑی شہر میں گزشتہ شب ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں 13 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ یہ حادثہ شدید کہرے کی وجہ سے وزبیلٹی کم ہو جانے کے سبب پیش آیا۔ دھند انتی شدید تھی کہ ڈرائیور ایک دوسرے کی گاڑیوں کو دیکھ نہیں سکے اور آپس میں متصادم ہو گئے۔
حادثہ کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں ایک پتھروں سے لدا ہوا ٹرک بھی شامل تھا جو تصادم کے بعد کچھ گاڑیوں پر گر گیا، یہی پتھروں سے بھرا ٹرک اتنی زیادہ تعداد میں واقع ہونے والی اموات کا سبب بنا۔
نیوز ایجنسی اے این آئی نے کچھ تصاویر کا اشتراک کیا ہے، جن میں حادثہ کا شکار ہونے والی ایک گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ان تصاویر کو دیکھ کر حادثہ کی شدت کا بخوبی احساس ہوتا ہے۔ تصویر میں نظر آنے والی گاڑی حادثہ کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ واقعہ میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ منگل کے روز بھی دھند کے سبب اتر پردیش کے متھرا یمنا ایکسپریس وے پر اسی طرح کا حادثہ پیش آیا تھا۔ منگل کی صبح پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں پانچ افراد زخمی ہو گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Jan 2021, 10:40 AM