مغربی بنگال: ’بلبل طوفان‘ سے متاثرہ اضلاع میں امتحانات مؤخر
بلبل طوفان سے بنگال کے ساحلی اضلاع بہت ہی زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ 24 پرگنہ اور مشرقی مدنی پور ضلع متاثر ہوئے ہیں۔ جہاں بڑے پیمانے پر مکانات اور کھیتی کو نقصان پہنچا ہے
کولکاتا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ”بلبل طوفان“ سے متاثرہ اضلاع میں امتحانات کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہاں 25 نومبر سے امتحانات ہونے والے تھے مگر اب 2 دسمبر سے ہوں گے۔
بچوں کے دن کے موقع پر وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی سکریٹریٹ میں بڑی تعداد میں اسکولی بچے اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طوفان سے متاثرہ اضلاع میں امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ بلبل طوفان سے بنگال کے ساحلی اضلاع بہت ہی زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ دونوں 24 پرگنہ اور مشرقی مدنی پور ضلع متاثر ہوئے ہیں۔ جہاں بڑے پیمانے پر مکانات اور کھیتی کو نقصان پہنچا ہے۔
ریاستی سکریٹری نوبنو سے جاری ابتدائی رپورٹ کے مطابق بلبل طوفان سے ریاست کے 9 اضلاع متاثر ہیں۔ ان اضلاع میں 3لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 7 ہزار سے زائد مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں درخت گر گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سوموار اور بدھ کو جنوبی 24 پرگنہ اور شمالی پرگنہ ضلع کے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا تھا۔ ان دونوں اضلاع میں وزیرا علیٰ نے ضلع افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے ان اضلاع کے افسران کو جلد سے جلد راحتی سامان پہنچانے کی ہدایت دی تھی۔
وزیر اعلیٰ نے میٹنگ میں کہا تھا کہ کوئی بھی ایک شخص ریلیف سے محروم نہیں رہے۔ غذائی اشیاء پہنچانے کے ساتھ بچوں کی غذا اور دوائیاں اور او آر ایس جلد سے جلد لوگوں کو پہنچائیں۔ ریلیف کے کاموں پر سیاست نہیں ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ تمام متاثرہ گاؤں میں موبائل ہیلتھ ٹیم کو بھیجنے کی بھی ہدایت دی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Nov 2019, 8:45 PM