مغربی بنگال: ایک تقریب کے دوران اچانک نتن گڈکری کی طبیعت بگڑی، قریب کھڑے لیڈروں نے دیا سہارا
نتن گڈکری کی طبیعت بگڑنے کی خبر ملتے ہی قریبی اسپتال سے ڈاکٹروں کی ٹیم پہنچی اور انھیں ابتدائی علاج دیا گیا، بتایا جا رہا ہے کہ شگر لیول کم ہونے کی وجہ سے نتن گڈکری کی طبیعت خراب ہوئی۔
مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نتن گڈکری آج مغربی بنگال میں ایک تقریب میں شرکت کر رہے تھے جب اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ گڈکری مغربی بنگال کے سلی گوڑی واقع داغاپور میں کچھ اہم منصوبوں کی سوغات دینے سے متعلق تقریب میں اس وقت اچانک بیہوشی کی حالت میں جاتے نظر آئے جب وہ کچھ لیڈروں کے ساتھ کھڑے تھے۔ اس واقعہ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ کھڑے دکھائی دے رہے ہیں اور پھر دھیرے دھیرے ان کے چہرے کے آثار بدلتے ہیں، ان کی آنکھیں چڑھ جاتی ہیں۔ پھر وہ گرنے کی حالت میں ہوتے ہیں جب ان کے قریب ہی کھڑے لیڈروں نے انھیں پکڑ کر دھیرے سے نیچے بٹھایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نتن گڈکری کی طبیعت اچانک خراب ہونے کی خبر ملتے ہی قریبی اسپتال سے ڈاکٹروں کی ٹیم تقریب کے مقام پر پہنچی اور انھیں ابتدائی علاج دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ شگر لیول کم ہونے کی وجہ سے نتن گڈکری کی طبیعت خراب ہوئی، لیکن علاج کے بعد وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
دراصل نتن گڈکری مغربی بنگال کے سلی گڑی میں کچھ اہم منصوبوں کی سوغات دینے کے لیے پہنچے تھے۔ انھوں نے سلی گڑی میں 1206 کروڑ روپے کی لاگت والی 3 این ایچ پروجیکٹس کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس تقریب کے بعد ہی اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ پھر فوراں سُکنا کے پرائمری ہیلتھ سنٹر سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم پہنچی اور انھیں ابتدائی علاج دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی نتن گڈکری عوامی تقریب کے دوران بیہوشی جیسی حالت کا سامنا کر چکے ہیں۔ دسمبر 2018 میں مہاراشٹر کے احمد نگر میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا تھا جب گڈکری اسٹیج پر بھی بیہوش ہو گئے تھے۔ اس دوران مہاراشٹر کے گورنر ودیاساگر راؤ ان کے ساتھ موجود تھے۔ گورنر نے ہی انھیں اسٹیج پر سنبھالا تھا۔ اس کے بعد نتن گڈکری کو اسپتال لے جایا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔