پٹائی کا شکار بی جے پی امیدوار نے خود ہی سیکورٹی نہیں لی تھی: چیف الیکٹورل افسر

رپورٹ میں کہا گیا کہ جے پرکاش کو تحریری طور پر سیکورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے سیکورٹی لینے سے انکار کر دیا۔ جے پرکاش نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اتوار کو انہیں سیکورٹی دی گئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: کریم پور اسمبلی حلقے سے بی جے پی امیدوار جے پرکاش مجمدار کی پٹائی کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ اس سلسلے میں چیف الیکٹورل آفیسر نے الیکشن کمیشن کو اپنی ایک رپورٹ پیش کی ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ جے پرکاش کو سیکورٹی فراہم کرنے کی پیش کش کی گئی تھی لیکن انہوں نے سیکورٹی لینے سے انکار کردیا تھا۔

پولنگ کے دوران بی جے پی امیدوار جے پرکاش مجمدار کی پٹائی کے معاملے میں بی جے پی لیڈر مکل رائے نے چیف الیکشن کمشنرسنیل اروڑہ سے تحریری شکایت کی تھی۔ڈپٹی چیف الیکشن کمشنر سنیل جین نے چیف الیکٹورل آفیسر عریض آفتاب کو فون کرکے اس پورے معاملے میں رپورٹ طلب کیا تھا۔


ضلع انتظامیہ اور پولس سپرنٹنڈنٹ ندیا ضلع سے رپورٹ ملنے کے بعد چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے دہلی رپورٹ بھیج دی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جے پرکاش مجمدار کو تحریری طور پر سیکورٹی فراہم کرنے کی کی پیش کش کی گئی تھی مگر انہوں نے سیکورٹی لینے سے انکار کردیا ہے۔جے پرکاش مجمدار نے کہا کہ اتوار کو انہیں سیکورٹی دی گئی تھی۔جے پرکاش مجمدار نے کہا کہ پولس کے سامنے میری پٹائی ہوئی اس وقت پولس انتظامیہ نے کارروائی کیوں نہیں کی۔

اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور کئی افراد کی تلاشی کی جارہی ہے۔خیال رہے کہ کریم پور سے بی جے پی امیدوار جب پولنگ بوتھ کا دورہ کرنے کیلئے گئے تو ان پر چند افراد نے حملہ کردیا اور جم کر پٹائی کی۔اس کے بعد سے ہی اس پرسیاست تیز ہوگئی ہے۔ترنمول کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ جان بوجھ کر ڈرامہ رچا گیا ہے اور اس کا مقصد عوام کی ہمدردی حاصل کرنی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔