شاباش رکمنی! بچے کو جنم دینے کے فوراً بعد 10ویں کا امتحان دینے پہنچی ماں

بہار کے بانکا میں پڑھائی اور تعلیم کی اہمیت کو سمجھنے والی یہ طالبہ بچے کو جنم دینے کے فوراً بعد امتحانی مرکز پہنچ گئی، جس کی ہر کوئی تعریف کر رہا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: بہار کے بانکا میں ایک طالبہ بچے کو جنم دینے کے فوراً بعد امتحان میں شریک ہوئی۔ اس دوران امتحانی مرکز پر پہنچی طالبہ بہت خوش نظر آئی۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 22 سالہ رکمنی کماری نے ایک بچے کو جنم دیا ہے اور اس کے تین گھنٹے بعد ہی وہ امتحان کے لئے پہنچی تھی۔ رکمنی کو سائنس کا پرچہ دینا تھا۔ بہار کے بانکا ضلع سے تعلق رکھنے والی رکمنی نے بدھ کے روز ایسا اس لئے کیا کیونکہ وہ ہمیشہ سے اپنی تعلیم مکمل کرنا اور اچھی نوکری حاصل کرنا چاہتی تھی۔

رکمنی نے منگل کو بہار بورڈ کے ریاضی کے امتحان میں شرکت کی تھی اور اسے رات میں زچگی کا درد محسوس ہونے لگا تھا لیکن وہ اگلے دن اپنا امتحان دینے کے لیے پرعزم تھی۔ رکمنی نے اپنے خاندان اور عہدیداروں کو اگلے دن سائنس کا امتحان دینے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ جب وہ مرکز میں آئی تو وہ درد زہ میں تھی۔ جب درد ناقابل برداشت ہو گیا تو اس نے ذمہ داروں کو اطلاع دی اور اسے اسپتال لے جایا گیا۔ ایک صحت مند لڑکے کو جنم دینے کے بعد رکمنی نے صحت اور تعلیم کے حکام سے درخواست کی کہ وہ اسے امتحان میں بیٹھنے دیں، جسے فوری منظور کر لیا گیا۔


بانکا کے کٹوریا بلاک میں واقع امبیڈکر رہائشی ہائی اسکول کی طالبہ کا امتحانی مرکز مقامی ایم ایم کے جی انٹر کالج میں قائم کیا گیا تھا۔ اسپتال کے ڈاکٹر بھولا ناتھ نے بتایا کہ ایمرجنسی کال موصول ہونے کے فوراً بعد لیبر روم کو تیار رکھا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نارمل ڈیلیوری تھی۔ نوجوان ماں کی ہمت کے لیے بانکا کے تعلیمی افسر پون کمار نے کہا کہ رکمنی نے مشکل وقت میں بھی تعلیم کی اہمیت پر ایک مثال قائم کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔