کشمیر میں موسم ایک ہفتے تک خشک رہنے کی پیش گوئی

تازہ موسلا دھار بارشوں اور ہلکی برف باری کے باعث وادی کے کئی علاقے بجلی کی نایابی کے باعث ایک بار پھر گھپ اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق گزشتہ روز جمعرات کو موسم خشک مگر مطلع دن بھر ابر آلود رہنے سے لوگ سردی سے کانپتے ہوئے دکھائی دیئے تاہم محکمہ موسمیات نے وادی میں ایک ہفتے تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

ادھر تازہ موسلا دھار بارشوں اور ہلکی برف باری کے باعث وادی کے کئی علاقے بجلی کی نایابی کے باعث ایک بار پھر گھپ اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ امسال موسم سرما کے ابتدا میں ہی بجلی کا بحران اس قدر سنگین ہوا ہے کہ جس کی مثال ماضی میں ملنا محال ہے۔


موسلا دھار بارشوں کے باعث وادی کو ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ بھی کئی مقامات پر بھاری بھرکم مٹی کے تودے گر آنے سے بدھ کی شام سے ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند ہے۔ ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر موسلا دھار بارشوں کے باعث ڈگڈول، خونی نالہ، پنتھال، منکی موڑ وغیرہ مقامات پر بھاری بھرکم مٹی کے تودے گر آئے ہیں جس کی وجہ سے شاہراہ کو بدھ کی شام سے ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا شاہراہ کو ملبے سے صاف کرنے میں لگی ہوئی ہے اور شاہراہ قابل عبور ومرور بن جانے کے بعد پہلے درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ تاریخی مغل روڑ 7 نومبر سے مسلسل بند ہے جبکہ سری نگر۔لیہہ شاہراہ بھی گزشتہ روز ہوئی برف باری کے باعث ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند ہے۔


وادی میں بدھ کی سہ پہر سے رات گئے تک ہوئی برف باری سے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم وبیش ڈیڑھ فٹ تازہ برف جمع ہوگئی ہے جبکہ گلمرگ کے بالائی علاقے کونگ ڈوری اور افروٹ میں ڈھائی فٹ تازہ برف کی پرت بچھ گئی ہے وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں بھی قریب پانچ انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔ شہر سری نگر میں بھی علی الصبح برف کی دبیز پرت بچھی ہوئی تھی تاہم روشنی میں اضافہ کے ساتھ برف کی پرت غائب ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں پارہ مزید نیچے گر گیا ہے جس کے باعث سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ اورکپواڑہ میں منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


ہلکی برف باری اور موسلا دھار بارشوں کے باعث شہر سری نگر کی سڑکیں کئی مقامات پر جھیلوں کا منظر پیش کرکے لوگوں کے عبور ومرور میں روڑے اٹکا رہی ہیں۔ کشمیر یونیورسٹی کی طرف جانے والی سڑکیں زیر آب تھیں جو پاپیادہ مسافروں کو جوتے نکال کر چلنے پر مجبور کررہی ہیں علاوہ ازیں کوٹھی باغ ہائر سیکنڈری، ایم پی ہائر اسکینڈری باغ علی مردان کے باہر بھی سڑکیں زیر آب ہیں۔

شہر سری نگر کی دیگر سڑکوں پر بھی جگہ جگہ پر گڑھوں میں پانی جمع ہوا ہے جو راہگیروں کے لئے مصیبت کی وجہ بن گئے ہیں کیونکہ گاڑیاں جب ان گڑھوں کو پار کرتی ہیں تو راہگیروں کے کپڑے گندے پانی سے اس قدر گندے ہوجاتے ہیں کہ وہ نہ گھر کے رہتے ہیں نہ گھاٹ کے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔