موسم کا حال: شمالی ہندوستان میں جاری رہے گی کڑاکے کی سردی اور دھند کا سلسلہ
موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی نے کہا کہ اگلے دو دنوں کے دوران پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور شمالی راجستھان کے کچھ حصوں میں سردی بڑھنے کا امکان ہے
نئی دہلی: شمال مغربی ہندوستان میں جاری شدید سردی اور دھند کے درمیان ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے تازہ ترین اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ شمال مغربی ہندوستان کے کئی حصوں اور وسطی ہندوستان کے آس پاس کے میدانی علاقوں میں موسم میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور اگلے دو دنوں میں اس کے مشرقی ہندوستان تک پھیلنے کا امکان ہے۔ موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی نے کہا کہ اگلے دو دنوں کے دوران پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور شمالی راجستھان کے کچھ حصوں میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں برفیلی ہواؤں کی وجہ سے کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے۔ وہیں دھند کی وجہ سے دن میں بھی رات سی گلن کا احساس ہوتا ہے ۔ اتوار کی صبح بیشتر شہر دھند کی چادر سے ڈھکے نظر آئے اور پورے دن سورج کے دیدار نہیں ہو سکے۔
آئی ایم ڈی نے اپنے بلیٹن میں کہا کہ پنجاب کے کئی حصوں میں 2 جنوری کی صبح تک اور کچھ حصوں میں اگلے تین دنوں تک شدید دھند کے حالات برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہریانہ، چنڈی گڑھ سمیت شمالی ہندوستان کے متعدد علاقوں میں ایسی ہی صورتحال برقرار رہے گی۔ اتر پردیش میں 2 جنوری کی صبح تک اور اگلے 2-3 دنوں تک مختلف علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی نے مزید کہا کہ راجستھان اور اتراکھنڈ کے مختلف حصوں میں 2 جنوری کی صبح تک شدی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے اور اگلے دو دنوں تک مختلف حصوں میں ایسا ہی موسم برقرار رہے گا۔ پنجاب اور ہریانہ کے مختلف حصوں میں 4 جنوری تک، اتر پردیش، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں یکم جنوری تک سرد دن رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی نے کہا کہ یکم جنوری تک جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال، سکم، بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں دو جنوری تک صبح کے وقت چند گھنٹے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔