موسم کا حال: دہلی میں گرمی کی لہر، 40 ڈگری درجہ حرارت کے درمیان لو کا الرٹ!
دہلی میں گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے بھی جلد ہی لو چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے آج یعنی 16 اپریل کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی پیش گوئی کی ہے
نئی دہلی: ملک کی راجدھانی دہلی اور این سی آر کے علاقوں میں گرمی نے اپنا تیور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ سورج کی بڑھتی ہوئی گرمی کے ساتھ ہی دہلی میں اگلے چند دنوں تک لو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ رواں سال اپریل کے مہینے میں ویسٹرن ڈسٹربنس کے باعث موسم میں تبدیلی آئی اور بارش کی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں جس کے باعث موسم خوشگوار رہا۔ اس کے ساتھ ہی گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے بھی راحت ملی۔
وہیں دہلی میں گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے بھی جلد ہی لو چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے آج یعنی 16 اپریل کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی پیش گوئی کی ہے۔ جبکہ 17 اپریل کو درجہ حرارت 41 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ اس کے بعد 18 اپریل سے بارش کی سرگرمیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری اور کم سے کم 22 ڈگری تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں 18 اپریل کی دوپہر میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔ جبکہ دن کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 اور کم سے کم 22 ڈگری تک رہ سکتا ہے۔ 19 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ہلکی بارش کے ساتھ، 20 اپریل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس ہو سکتا ہے۔ دہلی میں 18 اور 20 مئی کے درمیان ہلکی بارش کے درمیان گرمی سے کوئی خاص راحت ملنے کی توقع نہیں ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق جب میدانی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ اور معمول سے 4.5 ڈگری زیادہ ہوتا ہے تو محکمہ موسمیات گرمی کی لہر کا اعلان کرتا ہے۔ اگر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے زیادہ اور معمول سے 6.4 ڈگری زیادہ ہو تو اسے شدید گرمی کی لہر سمجھا جاتا ہے۔ ایسی صورت حال میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچنے سے لو لگنے کا امکان ہوتا ہے۔
بڑھتی ہوئی گرمی کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت کے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے حال ہی میں اسکولوں کے لیے ایک سرکلر جاری کیا ہے۔ جس میں دوپہر کی شفٹ میں اسمبلی پر پابندی لگانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ گرمی کے موسم میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کا حوالہ دیتے ہوئے دہلی کے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے دہلی کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں سے اسکول میں پانی کا مناسب انتظام رکھنے کو کہا ہے۔
بچوں کو پانی کا وقفہ دینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کو اسکول آتے اور جاتے وقت سورج کی تپش سے بچنے کے لیے آگاہ کرنے اور اگر کسی بچے کو دھوپ یا گرمی سے متعلق بیماری کی شکایت ہو تو فوری طور پر قریبی اسپتال میں رپورٹ کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔