وادی کشمیر میں تازہ برف باری شروع
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق ہفتہ کی صبح وادی بھر میں برف باری شروع ہوئی، تاہم محکمہ کے مطابق اتوار سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔
سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق ہفتہ کی صبح وادی بھر میں برف باری شروع ہوئی۔تاہم محکمہ کے مطابق اتوار سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ رات بھر مطلع ابر آلود رہنے کے باعث کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی جس سے لوگوں کو قدرے راحت نصیب ہوئی۔درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے کی وجہ سے گھروں کے اندر وباہر نصب نل منجمد نہ ہونے سے لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنے سے نجات حاصل ہوئی۔
دریں اثنا ریاست کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا. لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔دراس قصبہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔
ریاست کی سرمائی راجدھانی جموں میں کم سے کم درجہ حرارت8.5 ڈگری سینٹی گریڈ یکارڑ کیا گیا جبکہ کٹرہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ، بانہال میں 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔
تازہ برف باری کے باعث سرینگر جموں قومی شاہراہ بند
جموں وکشمیر میں جواہر ٹنل کے آر پارتازہ بھاری برف باری کے باعث ہفتہ کے روز وادی کو بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ ایک بار پھر ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند رہی۔ ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ جواہر ٹنل کے آر پار بھاری برف باری کے باعث سرینگر۔جموں قومی شاہراہ کو ٹریفک کی نقل وحمل کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کو لداخ کے ساتھ جوڑنے والی شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ گذشتہ زائد ایک ماہ سے برابر بند ہیں۔انہوں نےکہا کہ تمام گاڑیاں جو جموں سے سرینگر روانہ ہوئی تھیں، کو آج صبح مختلف مقامات پر روکا گیا۔انہوں نےکہا کہ بارڑر روڈرس آرگنائزیشن کی طرف سے برف ہٹانے کے آپریشن میں برف باری جاری رہنے کی وجہ سے رکاوٹین پیدا ہورہی ہیں۔ مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ شاہراہ کو مختلف مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اور بی آر او کی طرف سے اجازت ملنے کی بعددہی دوبارہ کھولا جائے گا۔
انہوں نےکہا کہ ٹریفک بند رہنے کی وجہ سے 5 سوسے زیادہ گاڑیاں جن میں مال بردار گاڑیاں، تیل ٹینکر بھی شامل ہیں، رام بن، رامسو،چندر کوٹ اور دیگر مقامات پر درماندہ ہیں۔ادھر جمعرات سے جاری بھاری برف باری کی وجہ سے سرحدی قصبے بشمول کرناہ، کیرن، مژھل ، ٹنگڈار اور دیگر دور افتادہ علاقے ضلع صدر مقام کپوارہ سے منقطع رہے۔
ذرائع سے یو این آئی کو معلوم ہوا کہ کیرن اور ٹنگڈار کی سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل دوسرے روز بھی بند رہی ۔انہوں نے کہا کہ تازہ برف باری کی وجہ سے سڑکوں پر برف جمع ہونے اور پھسلن پیدا ہونے کے باعث سڑکو ں کو ایک بار پھر بند رکھا گیا۔
ذرائع نے کہا کہ یہ سڑکیں گذشتہ ہفتے ہوئی برف باری سے اب تک صرف ایک دن ہی ٹریفک کیلئے کھلی رہیں۔انہوں نے کہا کہ علاہ ازیں درجنوں دیہات تازہ برف باری کی وجہ سے اپنے اپنے ضلع صدر مقامات مقطع رہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ریاست میں اتوار سے موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
تمام تصاویر یو این آئی
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔