دہلی-این سی آر میں موسم کا مزاج تبدیل، رات سے لگاتار بارش

شمالی راجستھان اور شمالی مدھیہ پردیش میں 23 سے 26 جنوری کے دوران گھنی دھند کا امکان ہے، 22 سے 24 جنوری کے دوران بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور سکم میں بارش کا امکان ہے

دہلی کی بارش / ٹوئٹر
دہلی کی بارش / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی-این سی آر میں ہفتہ کے روز ایک بار پھر موسم کا مزاج بدل گیا۔ رات گئے شروع ہونے والی بارش صبح تک لگاتار جاری رہی۔ اس دوران تقریباً 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی تھی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں، کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان، مظفرآباد، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، اتر پردیش میں آج اور 23 جنوری کو بارش متوقع ہے۔ 22-24 جنوری کے دوران بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور سکم میں بارش کا امکان ہے۔ 22 جنوری کو شمالی پنجاب اور ہریانہ کے مختلف علاقوں میں بھاری بارش کا امکان ہے۔ اگلے دو دنوں کے دوران شمال مشرقی ہندوستان میں بارش متوقع ہے۔ 22 جنوری کو مغربی مدھیہ پردیش اور راجستھان میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔


23 جنوری کو مشرقی اتر پردیش میں 20-30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوا چلنے کا امکان ہے۔ 23-26 جنوری کے دوران شمالی راجستھان اور شمالی مدھیہ پردیش میں گھنی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ کم سے کم درجہ حرارت میں اضافے کے درمیان جمعہ کی صبح راجستھان کی راجدھانی جے پور سمیت کئی علاقوں میں گھنی دھند چھائی ہوئی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے کئی علاقوں میں درمیانے سے گھنی دھند چھائی رہی اور یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔