رام مندر تعمیر کے لیے حکومت سے ایک پیسہ نہیں لیں گے: مہنت نرتیہ گوپال داس

ٹرسٹ کے سربراہ مہنت نرتیہ گوپال داس کا کہنا ہے کہ ’’حکومت سے کوئی فنڈ نہیں لیا جائے گا۔ مندر عوام کے تعاون سے بنے گا۔ حکومت کے پاس پہلے سے ہی کئی مسائل ہیں، ہم ان پر زیادہ بوجھ نہیں ڈال سکتے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر نے عظیم الشان رام مندر تعمیر کے لیے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں اور اس درمیان ٹرسٹ کے سربراہ مہنت نرتیہ گوپال داس مہاراج نے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مندر بنانے کے لیے نہ ہی کسی بڑی شخصیت سے چندہ لیا جائے گا اور نہ ہی وہ حکومت سے ایک بھی پیسہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ سبھی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنروں کو رام مندر تعمیر میں حصہ لینے کے لیے مدعو کیا جائے گا اور یہ عظیم الشان مندر ہندو مذہب ماننے والے ہر فرد کے لیے تاریخی ہوگا۔

یہ باتیں مہنت نرتیہ گوپال داس نے مدھیہ پردیش کے گوالیر میں کہیں۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہم نے پہلے ہی وزیر اعظم نریندر مودی جی کو مدعو کیا ہے، ہمارے پاس اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کی شکل میں یوگی آدتیہ ناتھ جی ہیں۔ دیگر سبھی گورنروں اور وزرائے اعلیٰ، جنھیں مذہب میں دلچسپی ہے، کو ایک عظیم الشان مندر تعمیر کرنے کے کام میں شریک ہونے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔‘‘ اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کو بھی اس موقع پر مدعو کیا جائے گا۔‘‘


مندر تعمیر کے لیے فنڈ یا عطیہ لیے جانے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے مہنت نرتیہ گوپال داس نے کہا کہ ’’اس (مندر تعمیر) کے لیے کسی طرح کا کوئی عطیہ نہیں لیا جائے گا۔ حکومت سے کوئی فنڈ نہیں لیا جائے گا۔ مندر عوام کے تعاون سے بنایا جائے گا۔ حکومت کے پاس پہلے سے ہی کئی مسائل ہیں، ہم ان پر زیادہ بوجھ نہیں ڈال سکتے۔‘‘


واضح رہے کہ گزشتہ دنوں رام مندر ٹرسٹ یعنی ’شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر‘ کی پہلی میٹنگ ہوئی تھی۔ اس کے بعد ٹرسٹ کے چار اہم عہدیداروں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔ ان میں ٹرسٹ کے سربراہ مہنت نرتیہ گوپال داس مہاراج بھی شامل تھے۔ تقریباً ایک گھنٹے تک چلی ملاقات میں عہدیداران نے وزیر اعظم کو ٹرسٹ کی تشکیل اور حکومت کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔ خصوصی ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ٹرسٹ کی آئندہ میٹنگ میں رام مندر کے ’بھومی پوجن‘ کے لیے تاریخ طے کی جانی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔