’ہم اجیت پوار کی وجہ سے ہارے‘، لوک سبھا انتخاب میں شکست کے لیے فڑنویس نے پہلی بار ’اپنے ساتھی‘ کو ٹھہرایا ذمہ دار

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ایکناتھ شندے کی شیوسینا نے تو ہمارے حق میں اپنا ووٹ آسانی سے ٹرانسفر کر دیا، لیکن اجیت کا ووٹ ہمیں نہیں مل پایا۔

<div class="paragraphs"><p>دیوندر فڑنویس اور اجیت پوار / آئی اے این ایس</p></div>

دیوندر فڑنویس اور اجیت پوار / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخاب 2024 میں بی جے پی تنہا اکثریت حاصل نہیں کر سکی، اور اس کے لیے جن ریاستوں مین بی جے پی امیدواروں کی خراب کارکردگی سامنے آئی ہے ان میں مہاراشٹر بھی شامل ہے۔ مہاراشٹر کی 48 لوک سبھا سیٹوں میں سے مہایوتی/این ڈی اے کو صرف 17 سیٹیں حاصل ہو سکیں۔ اس خراب کارکردگی سے متعلق مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ایک حیرت انگیز بیان دیا ہے جس سے ہلچل شروع ہو گئی ہے۔

دراصل پہلی بار دیویندر فڑنویس نے لوک سبھا انتخاب میں مہاراشٹر کی خراب کارکردگی کے لیے ’اپنے ساتھی‘ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ مہاراشٹر بی جے پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر فڑنویس نے کہا ہے کہ ’’اجیت پوار کی وجہ سے ہم بری طرح سے ہارے۔ ایکناتھ شندے کی شیوسینا نے تو ہمارے حق میں اپنا ووٹ آسانی سے ٹرانسفر کر دیا، لیکن اجیت کا ووٹ ہمیں نہیں مل پایا۔ اگر این سی پی کا ووٹ ہمیں ملتا تو ہم بری طرح نہیں ہارتے۔‘‘


چونکہ مہاراشٹر میں اسمبلی انتخاب کی ہلچل شروع ہو چکی ہے، اس لیے فڑنویس کے بیان سے سیاسی سرگرمی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حالانکہ فڑنویس نے یہ ضرور کہا ہے کہ پارٹی لیڈران سمجھتے ہیں کہ یہ اتحاد (مہایوتی) ضروری ہے۔ لوک سبھا انتخاب میں خراب کارکردگی سے متعلق یہ بیان فڑنویس نے ایک ٹی وی انکلیو میں دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’لوک سبھا کی 12 سیٹیں (مہاراشٹر میں) ایسی تھیں جو ہم 3 ہزار سے 6 ہزار ووٹ سے ہارے۔ اگر مجموعی ووٹوں کے فرق کو دیکھا جائے تو ایم وی اے سے ہمیں صرف 2 لاکھ ووٹ کم ملے ہیں۔ وہ اس لیے، کیونکہ ہمیں اجیت پوار کا ووٹ ٹرانسفر نہیں ہوا۔‘‘

فڑنویس کا کہنا ہے کہ اجیت پوار سے اتحاد کے بعد بی جے پی کے لوگ اچھا محسوس نہیں کر رہے تھے، لیکن اب حالات میں بہتری ہوئی ہے۔ سبھی جانتے ہیں کہ اتحاد ضروری ہے اور آگے ہم مل کر کام کریں گے۔ فڑنویس کا یہ بیان اس لیے بہت اہم ہے کیونکہ لوک سبھا انتخاب میں این ڈی اے کو ملی شکست کے بعد پہلی مرتبہ ہے جب بی جے پی کے کسی سینئر لیڈر نے اجیت پوار اور ان کی پارٹی کو شکست کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔