’ہمیں جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کا حق لوٹانا ہے‘، راہل گاندھی نے سری نگر میں مودی حکومت پر کیا زوردار حملہ

راہل گاندھی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے جب کسی ریاست کو مرکز کے زیر انتظام خطہ میں بدلا گیا ہے، ہم نے ریاستی درجہ بحال کرنے کے مطالبہ کو ترجیح دی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>جموں و کشمیر میں ایک جلسۂ عام کے دوران یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی و دیگر لیڈران، تصویر @INCIndia</p></div>

جموں و کشمیر میں ایک جلسۂ عام کے دوران یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی و دیگر لیڈران، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج جموں و کشمیر کا دورہ کیا اور دو مقامات پر انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت پر زوردار حملہ کیا۔ اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی نے نہ صرف مودی حکومت کی جموں و کشمیر مخالف پالیسیوں کا تذکرہ کیا بلکہ ایک بار پھر مرکز کے زیر انتظام اس خطہ کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

23 ستمبر کو راہل گاندھی نے پہلی تقریر سری نگر میں منعقد انتخابی جلسہ میں کی جہاں مودی حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہا کہ ’’پی ایم مودی اپوزیشن کے آگے جھک گئے ہیں۔ آج اپوزیشن جو بھی کروانا چاہتا ہے، وہی ہوتا ہے۔ مودی حکومت قانون لاتی ہے، ہم ان کے سامنے کھڑے ہو جاتے ہیں، پھر وہ یو-ٹرن لے لیتے ہیں۔ نریندر مودی جی کا کانفیڈنس ختم ہو چکا ہے۔ ان کی سائیکولوجی کو ہم نے توڑ دیا ہے۔ نریندر مودی پہلے جیسے تھے، وہ اب ویسے نہیں رہے۔‘‘


جموں و کشمیر سے ریاستی درجہ چھین لیے جانے اور اسے مرکز کے زیر انتظام خطہ بنائے جانے پر بھی راہل گاندھی نے مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ انھوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے جب کسی ریاست کو مرکز کے زیر انتظام خطہ میں بدلا گیا ہے۔ اس فیصلے کے ذریعہ آپ کا جمہوری حق چھین لیا گیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم نے (جموں و کشمیر کا) ریاستی درجہ بحال کرنے کے مطالبہ کو ترجیح دی ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران جموں و کشمیر سے اپنے خون کے رشتہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کو جب بھی میری ضرورت ہوگی، آپ مجھے صرف حکم دیجیے، میں آپ کے سامنے حاضر ہو جاؤں گا۔ میں آپ کے مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھاؤں گا۔ آپ لوگ تو جانتے ہیں کہ میرا آپ سے کتنا خاص رشتہ ہے۔ مجھے اس کا ذکر کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔‘‘


پی ایم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے راہل کہتے ہیں کہ ’’پی ایم مودی طویل تقریریں کرتے ہیں، لیکن کام کی بات نہیں کرتے۔ کام کی باتیں ہیں بے روزگاری ہٹاؤ، مہنگائی کم کرو، نوجوانوں کو ویژن دو اور جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دو۔ یہ ایسی کام کی باتیں ہیں جو نریندر مودی نہیں کریں گے۔ وہ صرف ’من کی بات‘ کرتے ہیں، جسے کوئی نہیں سننا چاہتا۔‘‘

راہل گاندھی نے پونچھ میں منعقد جلسۂ عام سے خطاب کے دوران بھی جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کا عزم ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر انتخاب کے بعد ریاست کا درجہ بحال نہیں کیا جاتا ہے، تو ہم ان پر دباؤ ڈالیں گے تاکہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔