جھوٹ نہیں بولیں گے، جو کہیں گے وہ نبھائیں گے: راہل گاندھی
عام انتخابات 2019 کا منشور جاری کرتے وقت راہل گاندھی نے واضح کر دیا کہ کانگریس کا منشور دراصل عوام کا منشور ہے اور کانگریس ایسا کوئی وعدہ نہیں کرے گی جو نبھا نہ سکے۔
کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے جھوٹے وعدوں کو نشانہ بناتے ہوئے اور ’جو کہتے ہیں اس کو نبھاتے ہیں‘ کا نعرہ دیتے ہوئے عام انتخابات 2019 کے لئے اپنا انتخابی منشور جاری کیا ۔ راہل گاندھی نے کانگریس کے سینئر رہنماؤ ں کے ساتھ ایک سال میں تیار کئے گئے منشور کو جاری کرنے کے بعد خطاب بھی کیا اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیے۔
راہل گاندھی نے منشور کےتعلق سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ منشور عوام کے من (دل) کی بات ہے، ہمارے دل کی بات نہیں ہے ‘‘۔ کانگریس نے اپنے منشور سے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ عوام کے بنیادی مسائل کو اپنا انتخابی مدا بنائیں گے اور وزیر اعظم کے ذریعہ کئے گئے جھوٹے وعدوں کو اپنی تنقید کا نشانہ بنائیں گے ۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ انتخابات میں جو’ نریٹو‘ ہے وہ لوگوں کو’ نیائے ‘ کا ہے ۔ انہوں نے نعرہ دیا کہ ’غریبی پر وار (حملہ ) 72 ہزار‘ ۔
انتخابی منشور جاری کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کے ہاتھ کے نشان کی طرح (جس میں پانچ انگلیاں ہیں) کانگریس کے منشور کے بھی پانچ اہم نکات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے منشور میں صرف وہی چیزیں شامل کی ہیں جو قابل عمل ہے اور وہ و وزیر اعظم نریندر مودی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں۔ کانگریس صدر نے منشور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا سب سے اہم وعدہ ہے’ نیائے‘ یعنی ہر غریب کو سال میں 72 ہزار روپے اور پانچ سال میں اس کو ساڑھے تین لاکھ ۔اس پر تفصیل سے غور کرنے کے بعد منشور میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کو یقینی بنایا گیا ہے کہ یہ وزیر اعظم کے 15 لاکھ والے وعدے جیسا جھوٹا نہ ہو۔ انہوں نے کہا جب عوام کی جیب میں پیسہ ہوگا تو وہ خرچ کرے گا اور اس خرچہ سے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے تباہ حال معیشت مستحکم ہوگی۔ روزگار جو ایک بڑا مدا ہے اس پر انہوں نے کہا کہ ملک میں جو 22 لاکھ خالی آسامیاں ہیں ان کو مارچ 2020 تک بھرنے کا وعدہ اس منشور میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا وہ وزیر اعظم کی طرح 2 کروڑ سالانہ روزگار کا جھوٹا وعدہ نہیں کیا گیا ہے۔
تیسرے اہم مسئلہ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسان کے تعلق سے دو اہم قدم اٹھائے جائیں گے ۔ ایک تو ریلوے کی طرح کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد کسانوں کے لئے علیحدہ بجٹ پیش کیا جائے گا اور کسان جو قرض لیتے ہیں اور دے نہیں پاتے اس کو جرم کے دائرے سے باہر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم انل امبانی کو قرضہ دے سکتے ہیں ، نیرو مودی، میہل چوکسی کروڑوں کا قرض لے کر ملک سے فرار ہو سکتے ہیں لیکن کسان کو قرض ادا نہ کرنے پر جیل جانا پڑتا ہے۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ منریگا اسکیم جو غریبوں کے لئے بہت اہم ہے اس میں کانگریس 100 دن کے یقینی روزگار کو بڑھا کر 150 دن کر ے گی ۔ انہوں نے تعلیم کو اپنے منشور کو اہم حصہ بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے ملک کی جی ڈی پی کا چھ فیصد حصہ مختص کیا جائے گا۔ صحت کے شعبہ پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی حالیہ پالیسی کو تبدیل کیا جائے گا کیونکہ اس پالیسی سے عام لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہے بلکہ چند بڑی انشورنس کمپنیوں کو فائدہ ہے اور صحت کے نام پر عوام کا پیسہ ان انشورنس کمپنیوں کو دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور اندرونی سلامتی کانگریس کے لئے ہمیشہ اولین ترجیح کا حامل مدا رہا ہے اور آگے بھی رہے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔