’ہم مجبور ہیں، ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتے!‘ آبی بحران کے درمیان دہلی حکومت کا سپریم کورٹ میں حلف نامہ

قومی راجدھانی دہلی میں پانی کی قلت کو لے کر جاری سیاسی جنگ کے درمیان کیجریوال حکومت نے جمعرات کو سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ / آئی اے این ایس</p></div>

سپریم کورٹ / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں پانی کی قلت کو لے کر جاری سیاسی جنگ کے درمیان کیجریوال حکومت نے جمعرات کو سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا۔ اپنے حلف نامے میں اس نے بتایا، ’’ہم مجبور ہیں۔ ہم ٹینکر مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر سکتے! وجہ یہ ہے کہ ٹینکر مافیا دہلی سے نہیں بلکہ ہریانہ سے چلتا ہے جس کی وجہ سے ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔‘‘

دہلی حکومت نے اپنے حلف نامہ میں کہا، ’’ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی کرنا ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ اگر آتا تو اب تک اس کے خلاف کارروائی کر چکے ہوتے۔ ہریانہ حکومت بتائے کہ وہ دہلی کو پانی فراہم کرنے کے لیے کیا قدم اٹھا رہی ہے؟ کیونکہ یہاں کے لوگ پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں۔ دہلی جل بورڈ نے قومی راجدھانی میں پانی کی فراہمی کے لیے ایک مکمل خاکہ تیار کیا ہے، جسے جلد ہی نافذ کیا جائے گا۔ یہ بلیو پرنٹ دہلی میں پانی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔‘‘


سپریم کورٹ نے کہا کہ ریاستوں کے درمیان جمنا کے پانی کی تقسیم ایک پیچیدہ مسئلہ ہے۔ جس پر تمام فریقین سے تفصیلی بات چیت کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچا جا سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ پانی کی تقسیم کو اپر یمنا ریور فرنٹ پر چھوڑ دیا جائے۔ اپر یمنا فرنٹ نے پہلے ہی دہلی حکومت سے انسانی بنیادوں پر 152 کیوسک پانی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں سپریم کورٹ نے دہلی میں پانی کی قلت کے معاملے پر سماعت کی تھی۔ جس میں دہلی حکومت سے اس سلسلے میں کئی تند و تیز سوالات کیے گئے۔ دہلی حکومت سے پوچھا گیا کہ آپ نے ابھی تک واٹر ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی؟ دہلی میں پانی کا بحران اپنے عروج پر ہے، لیکن آپ خاموش بیٹھے ہیں؟ جب آپ کو معلوم تھا کہ ہر سال گرمی کا موسم قریب آتا ہے، دہلی والے پانی کی ایک ایک بوند کو ترستے ہیں، آپ خاموش رہے، کیوں؟ دہلی میں پانی کا ضیاع روکنے کے لیے آپ نے کیا کیا؟ دہلی کے موجودہ حالات کو دیکھ کر لگتا ہے کہ آپ نے ابھی تک کچھ نہیں کیا۔

سپریم کورٹ کی سرزنش کے بعد دہلی حکومت نے جمعرات کو پانی کی قلت سے متعلق ایک حلف نامہ داخل کیا، جس میں اس نے اپنی مجبوریوں کے بارے میں تفصیل سے وضاحت کرتے ہوئے اپنا دفاع کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔