ہم مہاراشٹر کے عوام کے تئیں جوابدہ ہیں، امت شاہ کے لیے نہیں: این سی پی-ایس پی
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) نے بدھ کو کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے تئیں جوابدہ نہیں ہے، بلکہ صرف مہاراشٹر کے لوگوں کے تئیں جوابدہ ہے
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) نے بدھ کو کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے تئیں جوابدہ نہیں ہے، بلکہ صرف مہاراشٹر کے لوگوں کے تئیں جوابدہ ہے۔ ایک دن پہلے مرکزی وزیر داخلہ نے مہاراشٹر میں دو عوامی جلسوں میں اپوزیشن پارٹی کے لیڈر شرد پوار پر تنقید کی تھی۔
این سی پی (ایس پی) کے قومی ترجمان کلائیڈ کرسٹو اور چیف ترجمان مہیش تاپسی کا یہ ردعمل امت شاہ کے شرد پوار پر تنقید کرتے ہوئے یہ کہنے کے بعد ظاہر کیا گیا کہ ’مہاراشٹر کے لوگوں نے انہیں 50 سال تک برداشت کیا‘۔ امت شاہ نے ریاست میں شرد پوار کے تعاون پر بھی سوال اٹھائے تھے۔
کرسٹو نے کہا، ’’ہمیں امت شاہ کو کسی قسم کی وضاحت دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ پوار صاحب نے مہاراشٹر کے لوگوں کے لیے کیا کیا ہے، اس پر سوال اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ مہاراشٹر کے لوگ اور پورے ہندوستان کے لوگ جانتے ہیں کہ شرد پوار نے کیا کیا ہے۔ انہوں نے اپنی 50 سال کی خدمت میں بہت کچھ کیا ہے، عوام جواب دیں گے۔‘‘
جلگاؤں اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں امت شاہ کی جانب سے کیے گئے تبصروں کی مذمت کرتے ہوئے تاپسی نے قوم کی تعمیر میں شرد پوار کی اہم شراکت، خاص طور پر زرعی انقلاب میں ان کے تعاون اور اس وقت کسانوں کی حالت زار کا ذکر کیا، نیز 2001 کے زلزلے کے بعد گجرات میں ریلیف اور بحالی کی کوششوں کا بھی تذکرہ کیا۔
انہوں نے کہا، "گجرات اور مرکز میں بی جے پی کی حکومتوں کے باوجود شرد پوار جیسے ایک غیر بی جے پی مراٹھی رہنما نے گجرات کی مدد اور تعمیر نو کے لیے قدم اٹھایا، جو مہاراشٹر کی ہمدردی اور اتحاد کی ثقافتی اقدار کی عکاسی کرتا ہے، جو ذمہ دار قیادت کی علامت ہے۔‘‘
انہوں نے امت شاہ سے کہا کہ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے سے پہلے انہیں اور ان کی پارٹی کو آئینے میں دیکھنا چاہئے اور خود سے پوچھنا چاہئے کہ انہوں نے ملک کے لوگوں کے لئے کیا کیا ہے۔
کرسٹو نے کہا، ’’ہر کوئی جانتا ہے کہ شرد پوار نے اپنے سیاسی کیریئر کے 50 سالوں میں، درحقیقت 55 سال میں مہاراشٹر اور ہندوستان کے لوگوں کی خدمت کی ہے اور لوگ ان سے خوش ہیں، لہذا بی جے پی جو بہتر حکمرانی دینے میں ناکام رہی ہے، اسے پوار سے سوال کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔