رام نومی پر ہتھیاروں کے ساتھ ریلی نکالی تو خیر نہیں: ممتا بنرجی
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہتھیاروں کے ساتھ ریلی نکالنے والوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولس کے احکامات کی خلاف ورزی ہوئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج ایک بار پھر 25 مارچ کو منائی جانے والی رام نومی کے موقع پر ہتھیاروں کی نمائش کرنے والوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ’’جو لوگ بھی پولس کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہتھیاروں کے ساتھ جلوس میں شرکت کریں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘ تاہم وزیرا علیٰ نے کہا کہ جولوگ پہلے سے ہی ہتھیاروں کے ساتھ ریلی نکالتے آرہے ہیں انہیں اس کی اجازت ہوگی۔
وزیرا علیٰ نے پولس انتظامیہ کو اس سلسلے میں ہدایت دی ہے کہ جلوس کیلئے روڈ میپ تیار کریں ۔ ممتا بنرجی آج بیر بھوم ضلع میں انتظامی امور کی میٹنگ کیلئے موجود ہیں جہاں انھوں نے پولس کو ہدایت دی کہ وہ نگرانی سخت کریں۔ وزیرا علیٰ نے ساتھ ہی بتایا کہ ریاست میں فرقہ وارانہ فسادات برپا کرنے والوں کے خلاف پولس سخت کارروائی کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ آج بولپور میں منعقد میٹنگ میں ریاست کے اعلیٰ افسران کے علاوہ ریاستی وزراء اور ممبران پارلیمنٹ موجود تھے۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے کریڈٹ کارڈ میں اضافہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کی وجہ سے ترقیاتی کام نہیں رکنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں آئی ٹی ہب اور سلیکان ویلی بن رہا ہے اور ساتھ ہی یونیورسٹی کے قیام کیلئے بھی کام چل رہا ہے جو انتخابات کی وجہ سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔