وائناڈ لینڈ سلائیڈنگ: اب تک 123 ہلاکتیں، ریسکیو آپریشن جاری، راہل گاندھی کا معاوضے میں اضافے کا مطالبہ

کیرالہ کے وائناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 123 ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زخمیوں کا علاج مختلف اسپتالوں میں چل رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>وائناڈ میں لینڈ سلائڈنگ کے بعد تباہی کا منظر&nbsp;/ یو این آئی</p></div>

وائناڈ میں لینڈ سلائڈنگ کے بعد تباہی کا منظر/ یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

ترواننت پورم: کیرالہ کے وائناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 123 ہو گئی ہے۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک ریسکیو آپریشن جاری تھا اور اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ سرکاری ذرائع نے 123 ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری ہے۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے حادثہ میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو دئے جانے والے معاوضہ کی رقم میں اضافہ کا مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ کل 31 جولائی کو وائناڈ کا دورہ کریں گے۔ خیال رہے کہ راہل گاندھی وائناڈ کے سابق رکن پارلیمنٹ ہیں اور اس مرتبہ بھی انہوں نے یہاں سے جیت حاصل کی تھی، تاہم وہ رائے بریلی سے بھی فتح یاب ہوئے اور انہوں نے وائناڈ سے لوک سبھا کی رکنیت ترک کر دی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>وائناڈ میں ریسکیو آپریشن کا منظر / یو این آئی</p></div>

وائناڈ میں ریسکیو آپریشن کا منظر / یو این آئی


دریں اثنا، کیرالہ میں لینڈ سلائڈنگ کے بعد ملبے میں دبے ہوئے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کے لئے جدوجہد جاری ہے۔ ریاستی حکومت کی درخواست پر میرٹھ آر وی سی سے ڈاگ اسکواڈ پہنچے گی۔ تلاش کے لئے فارسٹ ڈرون کا بھی استعمال کیا جائے گا۔

لینڈ سلائڈنگ میں ہلاکتوں کے بعد کیرالہ میں دو دنوں کے لیے سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے بعد آج اور کل سوگ رہے گا، اس دوران قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔ ریاستی حکومت کے دو دنوں کے لئے تمام سرکاری پروگرام اور کاموں کو بھی ملتوی کر دیا ہے۔

وائناڈ لینڈ سلائیڈنگ کے معاملے پر مرکزی وزیر نتیانند رائے نے راجیہ سبھا میں اطلاع دی کہ مرکزی حکومت اس آفت سے متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں، فوج کے دو دستے اور فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹروں کو بچاؤ اور تلاش کے کاموں کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ کیرالہ کے وائناڈ میں لینڈ سلائڈنگ کا واقعہ منگل کو نصب شب کے بعد تقریباً 2 بجے پیش آیا۔ اس کے بعد صبح تقریباً 4.10 بجے ایک اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے باعث 116 سے زائد افراد کے ملبے تلے دبنے کی خبر سامنے آئی، لیکن بعد میں یہ تعداد بڑھ گئی۔ تازہ ترین خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔