’وائناڈ مجھے گھر جیسا لگتا ہے‘، انتخابی تشہیر کے دوران پرینکا گاندھی کو خوب ملا پیار
پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’میں آپ سبھی کی باتیں سن رہی ہوں، میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں آپ کے مسائل اٹھانے اور آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں۔‘‘
کیرالہ کے وائناڈ پارلیمانی حلقہ کے لیے ہونے والے ضمنی انتخاب کی جاری سرگرمیوں کے درمیان آج اس سیٹ سے کانگریس امیدوار پرینکا گاندھی نے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور اجلاس سے خطاب کرنے کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ عوام سے ملاقات بھی کی۔ اس دوران کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو لوگوں کا بھرپور پیار ملا، جس کا اظہار پرینکا نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر کیا ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’آپ کے پیار اور گرمجوشی کی وجہ سے وائناڈ مجھے گھر جیسا لگتا ہے، جو میرے دل کو گہرائی سے چھوتا ہے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے اپنے پوسٹ میں لوگوں سے بے پناہ اپنائیت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل اٹھانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’انتخابی تشہیر کے دوران میں آپ سبھی کی باتیں سن رہی ہوں۔ کسان، نوجوان، خواتین، سماجی کارکنان سبھی کی داستان اور سبھی کی فکر سن رہی ہوں۔ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں ان مسائل کو اٹھانے اور آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح سے پرعزم ہوں، تاکہ ہم سبھی جس تبدیلی کی امید کرتے ہیں اسے شرمندۂ تعبیر کر سکیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی نے وائناڈ کے کچھ اہم علاقوں میں انتخابی اجلاس سے خطاب کیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔ چنگتھارا علاقہ میں ایک انتخابی جلسہ کے دوران تقریر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’میرے لیے اس سے بڑا کوئی اعزاز نہیں ہے کہ پارلیمنٹ میں آپ (وائناڈ والوں) کی نمائندگی کروں۔ آپ مجھ میں ایک جنگجو دیکھیں گے؛ اگر آپ مجھے سپورٹ کریں گے اور اپنا رکن پارلیمنٹ منتخب کریں گے تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ آپ کو مایوس نہیں کروں گی۔ ہر جگہ، ہر پلیٹ فارم پر آپ کی آواز بلند کروں گی۔‘‘
پرینکا گاندھی اپنی تقریر کے دوران وائناڈ میں پیش آئے لینڈ سلائڈ کے واقعہ کا بھی تذکرہ کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’جب وائناڈ میں قدرتی آفتی آئی تو کئی لوگوں کی روزی روٹی چلی گئی، کئی خاندان اپنے فرد سے محروم ہو گئے۔ وزیر اعظم یہاں کا دورہ کرتے ہیں، متاثرین سے ملاقات کرتے ہیں، لیکن مہینوں تک امدادی فنڈ جاری نہیں کیا جاتا۔ کئی لوگ اب بھی معاوضہ کے انتظار میں ہیں تاکہ زندگی دوبارہ معمول پر آ سکے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔