وائناڈ ضمنی انتخاب: ’والدین کو بچوں کا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا‘، پرینکا گاندھی کو روڈ شو میں ملی عوام کی بھرپور حمایت

وائناڈ میں حالیہ لینڈ سلائڈ پر پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’جب تک انہیں معاوضہ نہیں مل جاتا میں بار بار ان کی آواز اٹھاؤں گی۔ میرا ماننا ہے کہ ان میں سے بہتوں کو ان کے حق کا معاوضہ اب تک نہیں ملا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>وائناڈ میں لوگوں کی بھیڑ کا استقبال کرتی ہوئیں پرینکا گاندھی، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>

وائناڈ میں لوگوں کی بھیڑ کا استقبال کرتی ہوئیں پرینکا گاندھی، تصویر@INCIndia

user

قومی آواز بیورو

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انتخابی سیاست کی شروعات کر دی ہے۔ انہوں نے 23 اکتوبر کو وائناڈ پارلیمانی حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ دراصل حالیہ اختتام پذیر پارلیمانی انتخاب میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وائناڈ اور رائے بریلی سے جیت درج کی تھی۔ انہوں نے رائے بریلی سیٹ کو اپنے پاس رکھتے ہوئے وائناڈ سے استعفیٰ دے دیا۔ جس کی وجہ سے یہاں ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔ انتخاب سے قبل پرینکا گاندھی نے روڈ شو کیا، جس میں عوام کی زبردست بھیڑ شامل ہوئی۔

روڈ شو کے دوران عوام کو مخاطب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’ملک میں بے روزگاری اب تک کے اعلیٰ سطح پر ہے۔ والدین اپنے بچوں کو پڑھانے کے لئے سخت محنت کرتے ہیں، لیکن انہیں ان کا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا۔ مجھے معلوم ہے کہ آپ لوگوں کو فٹبال بہت پسند ہے، لیکن یہاں سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ تمام نوجوانوں کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جو اپنی ریاست اور اپنے ملک کی طرف سے کھیلنے کے لئے سخت محنت کرتے ہیں۔‘‘ پرینکا گاندھی نے این ڈی اے پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’این ڈی اے کی دور حکومت میں آئین کی اقدار کو لگاتار کمزور کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی پالیسیاں عام لوگوں کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی کے دوستوں کے لئے بنائی جا رہی ہیں۔


حال ہی میں ہوئے لینڈ سلائڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا ’’جب تک متاثرین کو معاوضہ نہیں مل جاتا، میں بار بار ان کی آواز اٹھاؤں گی۔ میرا ماننا ہے کہ ان میں سے بہتوں کو ان کے حق کا معاوضہ نہیں ملا ہے۔ حکومت کو فنڈ جاری کرنی چاہئے، جو انہوں نے اب تک نہیں کی۔ میں اس کے لئے بھی لڑوں گی، ان تمام مسائل کو بھی اٹھاؤں گی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں پرینکا گاندھی نے وائناڈ کی عوام کے لئے ایک خط لکھا تھا۔ اس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’وائناڈ کے میرے پیارے بھائیوں، بہنوں آپ کی نمائندہ کے طور پر میرے اس سفر میں آپ لوگ میرے راہبر اور استاد ہیں۔ جمہوریت، انصاف، آئین میں درج اقدار کے لئے لڑنا میری زندگی کا مقصد ہے۔ اگر آپ ہمیں اپنا رکن پارلیمنٹ منتخب کرتے ہیں تو میں آپ کی شکر گزار رہوں گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔