یوگی حکومت صحت خدمات کو سدھارنے کی جگہ چھپانے میں دلچسپی لے رہی: پرینکا

پرینکا گاندھی نے کورونا بحران میں بدتر صحت خدمات کو لے کر اتر پردیش حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی دلچسپی ان حالات کو بہتر بنانے کی جگہ چھپانے میں ہے۔

پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی
user

تنویر

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کورونا بحران کے دوران بدتر ہو رہے صحت خدمات کو لے کر اتر پردیش کی یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی دلچسپی ان حالات کو بہتر بنانے میں نہیں بلکہ انھیں چھپانے میں ہے۔ پرینکا گاندھی نے جمعرات کے روز کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں ایک اسپتال میں بھرے ہوئے پانی اور اس میں کام کر رہے لوگوں کا ایک ویڈیو اَپ لوڈ کیا ہے اور ساتھ میں لکھا ہے "کورونا بحران میں صحت خدمات چاق و چوبند ہونی چاہیے۔ لیکن مہوبا کے خاتون اسپتال کا یہ حال ہے۔"

پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ "آپ نے بریلی، گورکھپور کے اسپتالوں میں بھی بدانتظامیاں دیکھیں۔ لکھنؤ میں صحت خدمات کے اوپر بیان دینے والے وزیر اعلیٰ کی دلچسپی ان حالات کو سدھارنے میں نہیں، انھیں چھپانے میں ہے۔" اس سے قبل بھی پرینکا گاندھی نے ریاست میں اسپتال کے بدتر حالات کے تعلق سے ٹوئٹ کیا تھا۔ ایک ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا تھا "یو پی کے دو اہم شہروں لکھنؤ اور گورکھپور کے سرکاری اسپتالوں میں بیڈ فل ہو جانے کی خبریں ہیں۔ کورونا کے معاملے بڑھ رہے ہیں اور اسپتالوں کی یہ حالت فکر انگیز ہے۔ تین مہینے قبل حکومت کے سامنے ظاہر کیے گئے اندیشے آج حقیقت کی شکل میں سامنے آ رہے ہیں۔"


پرینکا گاندھی کا تازہ ٹوئٹ منگل کے روز ہوئی موسلادھار بارش کے بعد کا ہے جب مہوبا واقع ضلع اسپتال جزیرہ میں تبدیل ہو گیا تھا۔ پورے اسپتال میں پانی بھرا ہوا تھا۔ ضلع اسپتال میں تعینات ڈاکٹر روہت سونکر نے بتایا کہ اسپتال میں آبی جماؤ کی وجہ سے کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ حالانکہ بارش بند ہونے کے فوراً بعد پانی کو نکال دیا گیا۔ ساتھ ہی پورے احاطہ کو سینیٹائز کروایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Jul 2020, 1:58 PM