کیا کانپور میں ٹرینوں کو ایل پی جی سلنڈر سے اڑانے کی سازش کی گئی تھی؟ حراست میں لے کر 10 لوگوں سے پوچھ تاچھ

جو دھماکہ ہوا وہ گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا، اس حادثے کے بعد موقع پر کالندی ایکسپریس تقریباً 22 منٹ تک کھڑی رہی، بعد میں ٹریک کی جانچ کرنے کے بعد اس ٹرین کو آگے روانہ کیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>سلنڈر دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

سلنڈر دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے کانپور میں ریلوے ٹریک پر برآمد ایل پی جی سلنڈر اور پٹرول کی بوتل معاملہ پر اعلیٰ سطحی جانچ شروع ہو گئی ہے۔ آر پی ایف نے اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر درج کی ہے۔ علاوہ ازیں اس معاملے کی جانچ آئی بی (تحقیقاتی بیورو) کو سونپ دی گئی ہے۔ اس واقعہ کے تعلق سے پولیس نے 10 لوگوں کو حراست میں بھی لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ شروع کر دی گئی ہے۔

اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ریلوے ٹریک پر گیس سلنڈر اور پٹرول بوتل کا ملنا معمولی واقعہ نہیں ہے۔ یہ براہ راست کسی بڑی سازش کا اشارہ دے رہا ہے۔ ریلوے افسران کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا ہے۔ اتر پردیش میں گزشتہ کئی مہینے سے ریلوے ٹریک پر حساس چیزیں رکھ کر لگاتار ٹرین پلٹنے کی سازش ہو رہی ہے۔


تازہ واقعہ انور گنج-قاسگنج ریلوے روٹ کا ہے۔ آر پی ایف افسران کے مطابق براج پور ریلوے اسٹیشن سے کالندی ایکسپریس ٹرین تقریباً 2.5 کلومیٹر آگے چل رہی تھی کہ ریلوے ٹریک پر رکھے ایل پی جی گیس سلنڈر سے ٹکرا گئی۔ اس سے زور کا دھماکہ ہوا۔ غنیمت رہی کہ لوکو پائلٹ نے ایمرجنسی بریک لگا دی اور بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اس کے بعد موقع پر پہنچی جی آر پی اور آر پی ایف کی ٹیموں نے جانچ کی تو پتہ چلا کہ ریلوے ٹریک پر نہ صرف رسوئی گیس کا سلنڈر رکھا تھا، بلکہ وہیں پر پٹرول بھری بوتل، ماچس اور دیگر آتشی سامان بھی رکھے تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ جو دھماکہ ہوا وہ گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔ اس حادثے کے بعد موقع پر کالندی ایکسپریس تقریباً 22 منٹ تک کھڑی رہی۔ بعد میں ٹریک کی جانچ کرنے کے بعد اس ٹرین کو آگے روانہ کیا گیا۔ اسی طرح کا واقعہ کچھ دن قبل سابرمتی ایکسپریس کے ساتھ بھی ہوا تھا۔ اس حادثے میں ٹرین کی 22 بوگیاں پلٹ گئی تھیں۔ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے آر پی ایف نے ہفتہ کی دیر شب ایف آئی آر درج کر لی۔ ریلوے افسران کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے آئی بی کی مدد لی گئی ہے۔


ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ یہ حرکت سماج دشمن عناصر کی ہو سکتی ہے۔ اس کے پیچھے ان کا مقصد دہشت قائم کرنا ہے۔ چونکہ گزشتہ کئی ماہ سے اس طرح کی سازش ہو رہی ہے اور 5-4 معاملے سامنے آ چکے ہیں، ایسے میں اسے ہلکے میں نہیں لیا جا سکتا۔ ریلوے افسران کے مطابق آر پی ایف تو معاملے کی جانچ کرے گی ہی، مرکزی جانچ ایجنسیوں کو بھی اس تحقیقات میں شامل کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔