جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے : فاروق عبد اللہ

ہم پانچ اگست 2019 اور اس کے بعد جموں وکشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کے خلاف ہیں۔ یہ فیصلے غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی منسوخی، اس کے بٹوارے اور ڈومیسائل قانون کے نفاذ کے اقدامات غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں۔

انہوں نے بھارت اور چین کو سرحدی تنازع کے حل کے لئے مذاکرات کی راہ اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔


فاروق عبداللہ نے اتوار کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ونپو میں نامہ نگاروں کی جانب سے ڈومیسائل قانون کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا: 'ہم پانچ اگست 2019 اور اس کے بعد جموں وکشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کے خلاف ہیں۔ یہ فیصلے غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں۔ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ میں ایسا کوئی فیصلہ یا اقدام قبول کروں گا جو غیر آئینی ہو؟'

انہوں نے بھارت اور چین کو مذاکرات کی راہ اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا: 'چاہے بات چین کی ہو یا بھارت اور پاکستان کی، مستقبل مذاکرات کا ہے۔ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں'۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ وہ اُس اتحاد کے حق میں ہیں جس کا مقصد الیکشن جیتنے اور حکومت کرنے تک ہی محدود نہ ہو۔


سیاسی قیدیوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: 'اللہ تعالیٰ ان کو بھی رہا کرے گا۔ تمام سیاسی قیدی ایک جیسے ہیں۔ ان میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ہم ایک ہیں اور متحد ہیں۔ اللہ ہمیں آزمائشوں میں ڈالتا ہے۔ ہمیں آزمائشوں سے ڈرنا نہیں چاہیے'۔

جب ایک نامہ نگار نے فاروق عبداللہ سے پوچھا کہ 'کیا وہ علاحدگی پسندوں سے بات کریں گے' تو ان کا جواب تھا: 'تم مجھ سے عجیب سوال پوچھتے ہو۔ یہ سوال دلی میں بیٹھے لوگوں سے کرو۔ جب انہوں نے میرا پی ایس اے ڈوزیئر تیار کیا تو اس میں کچھ بھی ٹھوس نہیں تھا'۔


دریں اثنا نیشنل کانفرنس کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق پارٹی صدر فاروق عبداللہ نے اتوار کو ضلع کولگام کے ونپو میں سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے ہوم شالی بگ ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی کے گھر جاکر مسٹر لارمی اور دیگر پسماندگان سے تعزیت پرسی کی۔ ایڈوکیٹ لارمی کی والدہ ہفتہ کو انتقال کر گئی تھیں۔

اس موقعے پر مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے گئے اور مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کے لئے دعا کی گئی۔ فاروق عبداللہ نے اس موقعے پر ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی کے ساتھ تعزیت کی اور کہا کہ نیشنل کانفرنس آپ کے ساتھ اس غم میں شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے والدہ کو عظیم درجہ دیا ہے اور ماں کی شفقت کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں۔


ان کا مزید کہنا تھا: 'ماں اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لیئے ایک عظیم نعمت ہے۔ جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ ماں کے بغیر اس دنیا میں کچھ بھی نہیں ہے۔ ماں کائنات میں انسانیت کی سب سے قیمتی متاع اور عظیم سرمایہ ہے۔ محسن کائنات رسول اکرم کا فرمان ہے کہ ماں کے قدموں تلے تمہاری جنت ہے۔ اس فرمان سے ماں کے مقام کااندازہ ہوتا ہے'۔

این سی بیان کے مطابق اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈران سکینہ ایتو، رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی، نذیر احمد خان گریزی، قیصر جمشید لون، الطاف احمد کلو، عمران نبی ڈار، ایڈوکیٹ ریاض احمد خان اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ ادھر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی اس سانحہ ارتحال پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین خصوصاً والدہ اللہ کی طرف سے سب سے بڑی نعمت اور بڑا سایہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔


پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، دیوندر سنگھ رانا، سینئر لیڈران مبارک گل، چودھری محمد رمضان، عبدالرحیم راتھر، میاں الطاف احمد، عرفان احمد شاہ، خالد نجیب سہروردی، غلام قادر پردیسی اور اعجاز جان نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

دریں اثنا پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے گئے۔ اجلاس میں نائب صدر صوبہ محمد سعید آخون، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، ضلع صد رسرینگر پیر آفاق احمد ، پارٹی لیڈران سید توقیر، ڈاکٹر محمد شفیع، غلام محی الدین بٹ، جگدیش سنگھ آزاد نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔