ہریانہ کے گروگرام میں شمشان گھاٹ کی دیوار گرنے سے بچے سمیت 4 لوگوں کی موت
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دیوار وہاں پربیٹھے لوگوں پر کیسے گری۔
ہریانہ کے گروگرام میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں مدن پوری میں واقع شمشان گھاٹ کے پیچھے گیٹ کی دیوار ہفتہ یعنی 20 اپریل کی شام کو گر گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہاں موجود دو بچوں سمیت چھ افراد ملبے تلے دب گئے۔ دیوار کے ملبے تلے دب کر چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ انتظامیہ کی ٹیم اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں ۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں کچھ لوگ دیوار کے ساتھ گلی میں کرسیوں پر بیٹھے تھے کہ اچانک دیوار گر گئی اور وہ دب گئے۔ دیوار کو گرتا دیکھ کر وہ اپنی کرسیوں سے اٹھ کر بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن بھاگنے میں ناکام رہتے ہیں۔ اس کے بعد آس پاس کے لوگوں کو ملبہ ہٹاتے دیکھا گیا۔
شمشان گھاٹ کی دیوار کے ملبے تلے دبے لوگوں کو فوری طور پر گروگرام کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا۔ وہاں علاج کے دوران پپو، کرشنا، منوج اور معصوم بچی خوشبو کی موت ہو گئی۔ یہ واقعہ ارجن نگر پولس چوکی سے متصل علاقے میں شام 5:30 سے 6 بجے کے درمیان پیش آیا۔ شمشان گھاٹ کی 18 فٹ اونچی دیوار اچانک گر گئی۔
گروگرام پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش کی اور لاشوں کو تحویل میں لے لیا۔ موقع پر موجود ابھیشیر نے بتایا کہ یہاں دیوار کے ساتھ لکڑیاں لگائی گئی ہیں۔ اس کی وجہ سے دیوار جھک گئی۔ کچھ لوگ گلی میں دیوار سے ٹیک لگائے بیٹھے تھے۔ بچے قریب ہی کھیل رہے تھے کہ اچانک دیوار گر گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔