جموں و کشمیر میں 18 ستمبر سے 3 مراحل میں، ہریانہ میں یکم اکتوبر کو ایک مرحلہ میں ووٹنگ، نتائج کا اعلان 4 اکتوبر کو
جموں کشمیر اور ہریانہ کے انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ جموں و کشمیر میں 18 ستمبر سے 3 مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی، جبکہ ہریانہ میں یکم اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی
نئی دہلی: جموں کشمیر اور ہریانہ کے اسمبلی انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ جموں و کشمیر میں 18 ستمبر سے 3 مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی، جبکہ ہریانہ میں یکم اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں ریاستوں میں 4 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ تصویر بدلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے تشدد کو مسترد کر دیا ہے اور انتخابات کے لیے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ 20 اگست کو جاری کی جائے گی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کو جموں و کشمیر میں 30 ستمبر سے پہلے اسمبلی انتخابات کرانے تھے۔ یہ حد سپریم کورٹ نے مقرر کی تھی۔ کمیشن نے حال ہی میں جموں و کشمیر اور ہریانہ کا دورہ کیا تھا تاکہ انتخابات سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔
جموں و کشمیر میں 3 مراحل میں ووٹنگ
جموں و کشمیر میں 3 مراحل میں ووٹنگ ہوگی۔ پہلے مرحلہ کو ووٹنگ 18 ستمبر کو، دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ 25 ستمبر کو جبکہ تیسرے اور آخری مرحلہ کی ووٹنگ یکم اکتوبر کو ہوگی۔ پہلے مرحلہ کے لیے گزٹ نوٹیفکیشن 20 اگست کو جاری کیا جائے گا۔ 27 اگست کو کاغذات نامزدگی داخل کرائے جائیں گے۔ 28 اگست کو نامزدگیوں کی جانچ کی جائے گی۔ جبکہ 30 اگست کو کاغذات نامزدگیوں کو واپس لیا جا سکتا ہے۔
دوسرے مرحلہ کے لیے گزٹ نوٹیفکیشن 29 اگست کو جاری کیا جائے گا۔ 5 ستمبر کو کاغذات نامزدگی داخل کرائے جائیں گے۔ 6 ستمبر کو نامزدگیوں کی جانچ کی جائے گی۔ جبکہ 9 ستمبر کو کاغذات نامزدگیوں کو واپس لیا جا سکتا ہے۔
تیسرے مرحلہ کے لیے گزٹ نوٹیفکیشن 5 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔ 12 ستمبر کو کاغذات نامزدگی داخل کرائے جائیں گے۔ 13 ستمبر کو نامزدگیوں کی جانچ کی جائے گی۔ جبکہ 17 ستمبر کو کاغذات نامزدگیوں کو واپس لیا جا سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جموں و کشمیر میں اسمبلی سیٹوں کی تعداد بڑھ کر 90 ہو گئی ہے۔ اب جموں میں 43 اور کشمیر میں 47 سیٹیں ہوں گی۔ پی او کے کے لیے 24 سیٹیں محفوظ ہیں، یہاں الیکشن نہیں ہو سکتے۔ جبکہ لداخ میں کوئی اسمبلی نہیں ہے۔ اس طرح کل 114 سیٹیں ہیں جن میں سے 90 پر الیکشن ہوں گے۔ جموں خطہ میں سانبہ، کٹھوعہ، راجوری، کشتواڑ، ڈوڈہ اور ادھم پور میں ایک ایک سیٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کشمیر خطہ کے کپواڑہ ضلع میں ایک نشست کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ہریانہ میں یکم اکتوبر کو ووٹنگ
ہریانہ میں یکم اکتوبر کو ووٹنگ سے قبل 5 ستمبر کو گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ 12 ستمبر کو کاغذات نامزدگی داخل کرائے جائیں گے۔ 13 ستمبر کو نامزدگیوں کی جانچ کی جائے گی۔ جبکہ 16 ستمبر کو کاغذات نامزدگیوں کو واپس لیا جا سکتا ہے۔
ہریانہ اسمبلی کی 90 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ریاست میں 2 کروڑ ووٹر ہیں۔ 90 میں سے 90 سیٹیں جنرل ہیں۔ یہاں 20 ہزار 269 پولنگ اسٹیشن ہیں جبکہ 150 سے زیادہ ماڈل پولنگ بوتھ ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔