گجرات میں 93 سیٹوں کے لئے ووٹنگ شروع، وزیراعلیٰ سمیت 9 وزراء کی قسمت داؤ پر
وزیر اعظم مودی اور امت شاہ کی قیادت میں بی جے پی نے گجرات انتخابات میں ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہوا ہے کیونکہ دونوں کا تعلق گجرات سے ہے۔
گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے آج 93 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ شروع ہو گئی ہے اور صبح سے ہی کئی بوتھوں پر قطاریں نظر آ رہی ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی، ایت شاہ اور گجرات کے کئی بزرگ رہنما آج اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ پی ایم مودی احمد آباد کے رانیپ میں نشان اسکول میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
گجرات مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی آبائی ریاست بھی ہے اس لئے وہ بھی آج ووٹ کریں گے۔گجرات میں آخری مرحلے میں ووٹ ڈالنے والے دیگر نمایاں ناموں میں اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل، اشودان گڑھوی، گجرات کانگریس کے صدر جگدیش ٹھاکر اور کرکٹرز عرفان پٹھان، ہاردک پانڈیا اور کرونل پانڈیا شامل ہیں۔ کانگریس لیڈر اور ایم پی شکتی سنگھ گوہل اور سابق وزیر اعلیٰ شنکر سنگھ واگھیلا بھی آج اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
2017 کے گجرات انتخابات میں بی جے پی نے کل 182 میں سے 99 سیٹیں جیتی تھیں۔ بی جے پی گزشتہ 27 سالوں سے اقتدار میں ہے اور نریندر مودی 2001 سے 2014 تک گجرات کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔
گجرات انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 61 جماعتوں کے 833 امیدوار میدان میں ہیں، جن کی قسمت کا فیصلہ 2.51 کروڑ سے زیادہ ووٹر کریں گے۔الیکشن کمیشن نے 26,409 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں اور ووٹنگ کے لیے تقریباً 36,000 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں (ای وی ایم) استعمال کی جائیں گی۔انتخابات کے پیش نظر 14 اضلاع میں 84 ہزار سے زائد پولنگ افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔