دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین کے لیے ووٹنگ جاری، حفاظت کے سخت انتظامات
انتخابی افسر کے مطابق دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین کے انتخابات میں اس بار صدر کے عہدے کے لیے 8، نائب صدر کے عہدے کے لیے 5، سکریٹری کے کے لیے 6 اور جوائنٹ سکریٹری کے لیے 5 امیدوار میدان میں ہیں
نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی میں طلبہ یونین کے انتخابات کے لیے صبح 8.30 بجے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ مختلف کالجوں اور شعبہ جات کے طلبہ دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین یعنی ڈی یو ایس یو (ڈوسو) انتخابات میں ووٹ دیتے ہیں۔ اس بار چار عہدوں کے لیے کل 24 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ شام 7:30 بجے تک ہوگی اور اس دوران امن برقرار رکھنے کے لیے کافی تعداد میں دہلی پولیس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس الیکشن کے نتائج ہفتہ کو آئیں گے۔
انتخابی افسر کے مطابق دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین کے انتخابات میں اس بار صدر کے عہدے کے لیے 8 امیدوار، نائب صدر کے عہدے کے لیے 5، سکریٹری کے عہدے کے لیے 6 اور جوائنٹ سکریٹری کے عہدے کے لیے 5امیدوار میدان میں ہیں۔ اس بار دہلی یونیورسٹی میں 3 سال بعد طلبہ یونین کے انتخابات ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل انتخابات 20-2019 میں ہوئے تھے۔
کورونا کی وجہ سے تین سال طلبہ یونین کے انتخابات نہیں ہو سکے۔ طلبہ یونین کے انتخابات میں تین سال کی تاخیر کے باعث انتظامیہ نے امیدواروں کو عمر کی حد میں رعایت دی ہے۔ اس ریلیف کے تحت انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ عمر کی حد کو بالترتیب 25 سال اور 28 سال کر دیا گیا ہے۔
کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کی جانب سے صدر کے عہدے کے لیے ہتیش گولیا، نائب صدر کے لیے ابھی دہیا، سکریٹری کے لیے یاکشنا شرما اور جوائنٹ سکریٹری کے لیے شوبھم چودھری انتخاب لڑ رہے ہیں۔ جبکہ بی جے پی کی طلبہ تنظیم سے صدر کے لیے تشار ڈیڑھا، نائب صدر کے لیے سوشانت دھنکھڑ، سکریٹری کے کے لیے اپراجیتا اور جوائنٹ سکریٹری عہدے کے لئے سچن بینسلا مقابلہ کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔