روزگار، بہتر تعلیم و صحت اور خواتین کی بااختیاری کے لئے ووٹ دیں: پرینکا گاندھی
اتر پردیش کی چوتھے مرحلہ کی پولنگ کے دوران کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری اور انچارج اتر پردیش پرینکا گاندھی نے عوام سے اپنے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے
لکھنؤ: اتر پردیش کی چوتھے مرحلہ کی پولنگ کے دوران کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری اور انچارج اتر پردیش پرینکا گاندھی نے عوام سے اپنے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ دریں اثنا انہوں نے لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ کے کلیدی ملزم آشیش مشرا کی ضمانت پر رہائی کے خلاف متاثرین کنبے کی جانب سے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرنے کو یوپی کی یوگی حکومت کے لئے شرمناک قرار دیا ہے۔
پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’یوپی کے میرے پیارے بہنوں-بھائیو! آپ کو مدعوں سے بھٹکانے کی لاکھ کوششیں ہوں گی۔ لیکن آپ کا ووٹ اگر روزگار، روزی-روٹی، بہتر تعلیم اور صحت، خواتین کے تفویض اختیارات کے مدعے پر پڑے گا، تبھی اتر پردیش کی بہتری ممکن ہے۔ ریاست کو ترقی کی راہ پر لانے کے لئے ذمہ داری سے رائے دہی کریں۔‘‘
اپنے ایک اور ٹوئٹر میں پرینکا گاندھی نے لکھیم پور کھیری معاملہ میں کلیدی ملزم مرکزی وزیر کے بیٹے آشیش مشرا کی ضمانت کے خلاف متاثرین کے خود سپریم کورٹ کے رجوع کرنے کے معاملہ میں یوگی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ خیال رہے کہ آج چوتھے مرحلہ کے دوران لکھیم پور کھیری میں بھی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں اور انتخابات میں لکھیم پور تشدد کے معاملہ پر حزب اختلاف نے خوب آواز اٹھائی ہے۔
پرینکا گاندھی نے لکھا، ’’کتنی شرمناک بات ہے کہ لکھیم پور کسان قتل عام کے متاثرین کببوں کو خود عدالت عظمیٰ میں جا کر انصاف کی گہار لگانی پڑ رہی ہے۔ ذمہ داری حکومت کی تھی لیکن بی جے پی نے پوری طاقت وزیر کے بیٹے کے دفاع میں لگا دی۔ کسان بی جے پی حکومت کی اس ناانصافی کو بھولیں گی نہیں۔‘‘
پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے، جس کے مطابق لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ میں ملزم آشیش مشرا کی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ آشیش مشرا کی ضمانت کو چیلنج کرنے والی یہ دوسری عرضی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔