رام مندر تعمیر کیلئے وی ایچ پی کی میٹنگ 24 اکتوبر سے

Getty Images
Getty Images
user

قومی آواز بیورو

رام مندر کی تعمیر کے لیے پرعزم وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے آئندہ 24 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک بھونیشور میں انتہائی اہم میٹنگ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ وی ایچ پی کی مرکزی کمیٹی کی اس میٹنگ میں دنیا کے 36 ممالک میں موجود وی ایچ پی نمائندوں کے بھی شامل ہونے کی اطلاع ہے۔ اس میٹنگ میں رام مندر کی تعمیر شروع کرنے کی تاریخ طے کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس طے تاریخ کو منظوری 24 نومبر کو کرناٹک میں ہونے والی ’دھرم سنسد‘ میں دی جائے گی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق میٹنگ میں صرف رام مندر تعمیر شروع کرنے کی تاریخ ہی طے نہیں کی جائے گی بلکہ اقلیتی کمیشن اور وزارت برائے اقلیتی امور کا وجود ختم کرنے سے متعلق منصوبے بھی تیار کیے جائیں گے۔ 24 نومبر کو ممکنہ ’دھرم سنسد‘ میں جب رام مندر تعمیر سے متعلق طے تاریخ اور وزارت برائے اقلیتی امور کو ختم کرنے سے متعلق منصوبہ پیش کیا جائے گا اور وہاں موجود ہندوؤں کے دھرم گرو کی منظوری مل جائے گی تو مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے کا عمل شروع ہوگا۔ ساتھ ہی حکومت پر رام مندر تعمیر کے لیے قانون بنانے کا دباؤ بھی ڈالا جائے گا۔

اس سلسلے میں اڈیشہ میں وی ایچ پی کے سرگرم کارکن آنند سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’24 اکتوبر سے وی ایچ پی کی 15 رکنی مرکزی کمیٹی کی بھونیشور میں منعقد ہونے والی میٹنگ انتہائی اہم ثابت ہونے والی ہے۔ اس میٹنگ میں ایجنڈا اور دیگر موضوعات کے ساتھ ہی رام مندر کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ اس میٹنگ میں وی ایچ پی کے بین الاقوامی سربراہ راگھو ریڈی سمیت پروین توگڑیا، اشوک چونگلے، چمپت رائے، دنیش چندر ونایک راؤ دیش پانڈے وغیرہ 25 اکتوبر کو اس میٹنگ میں شامل ہوں گے۔ 26 اکتوبر کو مقامی تنظیمی وزراء سمیت تقریباً 150 لوگ اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ اس میٹنگ میں مجموعی طور پر وی ایچ پی کے بین الاقوامی، قومی اور مقامی سطح کے تقریباً 400 عہدیداروں کی شرکت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت ان تاریخوں میں اڈیشہ میں ہی رہیں گے۔ بھاگوت تین دن تک برہم پور علاقہ میں آر ایس ایس کے ایک پروگرام میں شرکت کریں گے۔ اس دوران وہ وی ایچ پی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ غیر رسمی ملاقات بھی کر سکتے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ وی ایچ پی لیڈران خود بھاگوت سے ملنے بھونیشور سے تقریباً ڈیڑھ سو کلو میٹر دور برہم پور جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وی ایچ پی لیڈران کا ماننا ہے کہ 24 نومبر کو کرناٹک میں منعقد ہونے والے ’دھرم سنسد‘ میں رام مندر تعمیر سے متعلق آخری فیصلہ سنائے جانے کے بعد حکومت کو فیصلے سے مطلع کیا جائے گا اور ہر ممکن تعاون دینے کے لیے کہا جائے گا۔ وی ایچ پی لیڈران کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت نے اگر کسی طرح کی رخنہ اندازی کی تو ان کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ ساتھ ہی وزارت برائے اقلیتی امور اور اقلیتی کمیشن کو ختم کرنے سے متعلق وی ایچ پی اپنی تجویز مرکزی حکومت کو پیش کرے گی اور اس سلسلے میں اس سے فوری جواب بھی طلب کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Oct 2017, 8:52 PM