شہریت ترمیمی بل کے خلاف پرتشدد مظاہرے، آسام میں کئی جگہ آتشزدگی، بند کا اعلان

لوک سبھا سے شہریت ترمیمی بل پاس ہو گیا ہے، لیکن اس بل پر شمال مشرقی ریاستوں میں پرتشدد مظاہرے جاری ہی۔ آسام میں کئی مقامات پر آتشزدگی ہوئی اور مختلف طلبا تنظیموں نے مشترکہ طور پر بند کا اعلان کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

شہریت ترمیمی بل کے خلاف شمال مشرقی ریاستوں میں ہنگامہ برپا ہے۔ آسام کے کئی حصوں میں آتشزدگی اور احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اس بل کے خلاف نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور آل آسام اسٹوڈنٹ یونین نے آج صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک 12 گھنٹے کے بند کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف ڈبرو گڑھ میں طلبا تنظیم سڑکوں پر اتر کر احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں اور انھوں نے سڑکوں پر کئی چیزوں کو نذرِ آتش کیا۔ اس بل کے خلاف لوگ سڑکوں پر اتر کر مودی مخالف نعرے لگا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے مطابق آسام کے جورباٹ میں لوگوں نے جم کر سڑکوں پر ہنگامہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریت ترمیمی بل سے آسام کے لوگوں کے لیے پریشانیاں کھڑی ہو جائیں گی اور یہ آئینی اقدار کے بھی خلاف ہے۔ قابل غور ہے کہ یہ بل لوک سبھا میں پاس ہو چکا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بدھ کے روز یہ راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔


بہر حال، شہریت ترمیمی بل پر ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے گواہاٹی یونیورسٹی اور ڈبرو گڑھ یونیورسٹی نے کل ہونے والے امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ بند کے اعلان کے مدنظر آسام، اروناچل پردیش، میگھالیہ، میزورم اور تریپورہ میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ تریپورہ میں بھی لوگ اس بل کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

اس درمیان ناگالینڈ میں چل رہے ’ہارنبل مہوتسو‘ کی وجہ سے ریاست کو بند کے دائرے سے باہر رکھا گیا ہے۔ لیکن دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے زور و شور سے جاری ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں کے اصل باشندوں کو خوف ہے کہ اس بل کے قانون بننے کی صورت میں حقیقی باشندوں کی شناخت اور ان کی روزی روٹی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔