بانکا میں ووٹنگ کے دوران پرتشدد جھڑپ، ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج

گاؤں والوں کا الزام ہے کہ خواتین جب ووٹنگ مرکز پر پہنچیں تو ان کے ساتھ سیکورٹی اہلکاروں نے بدسلوکی کی۔ خواتین اور گاؤں والوں نے جب مخالفت کی تو سیکورٹی اہلکاروں نے ان پر لاٹھی چارج کر دیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

بانکا: بہار کی 40 میں سے دوسرے مرحلہ کی پانچ لوک سبھا سیٹوں کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کے مابین کرائی جا رہی ووٹنگ کے دوران بانکا پارلیمانی حلقہ کے امرپور اسمبلی حلقہ میں پولنگ مرکز نمبر 59 اور 60 پر آج دوپہر سیکورٹی عملوں اور رائے دہندوں کے مابین جھڑپ کے بعد پولس لاٹھی چارج میں 6 گاؤں والے زخمی ہو گئے۔

پولس ڈپٹی انسپکٹر جنرل (بھاگلپور حلقہ) ویکاس ویبھو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ رائے دہندہ دوبارہ ووٹ دینے کی کوشش کر رہے تھے جس سے ووٹنگ عملہ اور سیکورٹی اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی ۔ اس پر کچھ گاؤں والے مشتعل ہو کر پتھراؤ کرنے لگے۔ سیکورٹی اہلکاروں کے سمجھانے کے باوجود جب وہ نہیں مانے تب بھیڑ کو منتشر کرنے کے لئے پہلے مجبوراً لاٹھی چارج اور پھر ہوائی فائرنگ کرنی پڑی۔

لاٹھی چارج میں چھ لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولس سپرنٹنڈنٹ سوپنا جی میشرام معاملے کی تفتیش کر رہی ہیں۔ دریں اثناء ووٹنگ مرکز پر ایک مرتبہ پھر ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔

وہیں گاؤں والوں کا الزام ہے کہ ووٹ ڈالنے کے لئے ووٹنگ مرکز پر پہنچی خواتین کے ساتھ سیکورٹی اہلکاروں نے بدسلوکی کی ۔ خواتین اور گاؤں والوں نے جب اس کی مخالفت کی تو سیکورٹی اہلکاروں نے ان پر لاٹھی چارج کر دیا۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ لاٹھی چارج میں چھ لوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں مقامی باشندہ ویکاس سنگھ کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔