منی پور میں وزیر اعلیٰ کی تقریب کے خلاف تشدد، اسپورٹس کمپلیکس میں توڑ پھوڑ اور آتش زنی، انٹرنیٹ خدمات معطل
منی پور کے چوراچاندپور ضلع میں مشتعل ہجوم نے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس میں واقع اوپن جم کو نذر آتش کر دیا، اس کے بعد علاقہ میں انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی گئیں
امپھال: منی پور کے چورا چاندپور ضلع کے نیو لمکا میں جمعرات کو ہجوم نے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس میں تیار کردہ ایک اوپن جم کو نذر آتش کر دیا۔ اس جم کا افتتاح وزیر اعلیٰ این بیرین کے ہاتھوں کیا جانا تھا۔ اس واقع کے بعد ریاست کے چوراچاندپور میں انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی گئیں اور دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مشتعل ہجوم نے گزشتہ شب تقریباً 9 بجے اسپورٹس کمپلیکس پر دھاوا بولا اور اس مقام پر توڑ پھوڑ کی جہاں اگلے دن یعنی آج منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرین کی تقریب منعقد ہونی تھی۔ مقامی پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی اور ہجوم کو منتشر کر دیا لیکن اس سے پہلے ہی سینکڑوں کرسیاں جلا دی گئیں اور تقریب کے مقام کو نقصان پہنچایا گیا۔
پولیس کے مطابق مشتعل ہجوم نے نیو لمکا اسپورٹس کمپلیکس میں قائم اوپن جم کو جزوی طور پر نذر آتش کر دیا، جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ این بیرون جمعہ کی دوپہر کو کرنے والے تھے۔ اوپن جم کے افتتاح کے علاوہ بیرین ایک دیگر تقریب میں بھی شرکت کرنے والے تھے۔
خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ کی تقریب کے خلاف مقامی قبائیلی لیڈران کے فورم نے صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک چوراچاندپور بند کا اعلان کیا تھا، اسی دوران ہجوم مشتعل ہو گیا۔ فورم کا دعوی ہے کہ کسانوں اور دیگر قبائلی شہریوں کے محفوظ جنگلات کو خالی کرانے کے لیے چل رہی مہم کی مخالفت کرنے اور وزیر اعلیٰ کو بارہا مکتوب سونپنے کے باوجود حکومت نے لوگوں کی بدحالی کو دور کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔