حکومت ایک طرف خواتین کے لئے بل لا رہی ہے، دوسری طرف برج بھوشن کا تحفظ :ونیش پھوگاٹ

ونیش پھوگاٹ نے لکھا کہ دو دن پہلے سوشل میڈیا پر ملک کی ایک خاتون پہلوان  کے نام سے ایک فرضی ویڈیو اپ لوڈ کیا گیا تاکہ اسے بدنام کیا جا سکے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ملک کے معروف پہلوان  ساکشی ملک اور ونیش پھوگاٹ نے ایک فحش ویڈیو وائرل ہونے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے جس میں ایک خاتون پہلوان شامل ہیں اور یہ ویڈیو جعلی ہے۔  ونیش پھوگاٹ نے منگل  یعنی 19 ستمبر کو لوک سبھا میں پیش کیے گئے خواتین کے ریزرویشن بل کا بھی ذکر کیا۔

واضح رہے کہ ویڈیو میں جس اولمپین پہلوان کا نام شامل کیا گیا تھا اس پہلوان  نے خود  منگل 19 ستمبر کو کہا ہے  کہ اسے  بدنام کرنے کی ایک بڑی سازش کا شکار بنایا گیا ہے۔ پہلوان ساکشی ملک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنا ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں  اس نے کہا ہے کہ ملزم برج بھوشن کے لوگ مسلسل کسان برادری اور ہریانہ کی بیٹیوں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


اس  کا کہنا تھا کہ 'کچھ دن پہلے میرے بارے میں بھی افواہ پھیلائی جارہی تھی کہ میں نے ملزمان سے معاہدہ کرلیا ہے جو سراسر جھوٹ ہے۔' اسی ملزم پارٹی کا آئی ٹی سیل تین چار دنوں سے ایک فحش ویڈیو وائرل کر رہا ہے..." ساکشی ملک نے کہا کہ خاتون ریسلر نے ویڈیو میں ہونے  کے دعوے کو غلط قرار دیا ہے  اور کہا ہے کہ اس ویڈیو سے اس کا کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ ادھر پہلوان کے گاؤں میں جہاں غم  ہے وہیں غصہ بھی زبردست نظر آ رہا ہے۔ گاؤں کے پردھان اور لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ کھلاڑیوں کو بدنام کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

ساکشی ملک نے کہا کہ 'ہم نے جو لڑائی شروع کی تھی وہ انصاف کے لیے تھی اور ملزمان کی جانب سے لوگ ہمیں کتنا ہی بدنام کرنے کی کوشش کریں، جب تک ہمیں انصاف نہیں مل جاتا ہماری لڑائی جاری رہے گی۔'


ونیش پھوگاٹ نے 'X' پر اپنی پوسٹ میں لکھا، "آج وزیر قانون شری ارجن رام میگھوال نے لوک سبھا میں خواتین کے ریزرویشن بل کو پیش کیا۔ اس بل کے دونوں ایوانوں میں منظور ہونے کے بعد لوک سبھا میں خواتین ارکان کی تعداد 181 ہو جائے گی۔ اس بل کو لانے پر حکومت کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ ایک طرف حکومت خواتین کو عزت دینے کے لیے یہ بل لا رہی ہے تو دوسری طرف خواتین کے جنسی استحصال کے الزام میں برج بھوشن جیسے شخص کو تحفظ دے رہی ہے۔''

ونیش پھوگاٹ نے مزید لکھا، ’’دو دن پہلے سوشل میڈیا پر ملک کی ایک خاتون ریسلر کے نام سے ایک فرضی ویڈیو اپ لوڈ کیا گیا تاکہ اسے بدنام کیا جا سکے۔ حکومت کہاں سو رہی ہے؟ کیا حکومت اس خاتون پہلوان کو انصاف فراہم کر پائے گی؟ حکومت نہ صرف برج بھوشن جیسے شخص کو بچا رہی ہے بلکہ اسی طرح کی ذہنیت والے لوگوں کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ بل کے آنے کے بعد مجھے امید ہے کہ پارلیمنٹ میں جو 181 خواتین ارکان پارلیمنٹ  بیٹھیں گی وہ خواتین کے احترام کے لیے لڑیں گی اور خواتین کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔‘‘


واضح رہے  کہ وائرل ویڈیو معاملے میں 18 ستمبر کو ہریانہ پولیس نے حصار سے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا اور بتایا تھا کہ پہلوان کی تصویر سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پولیس نے کہا کہ 30 سیکنڈ کے ویڈیو کلپ کا خاتون ریسلر سے کوئی تعلق نہیں ہے، جس کا نام ویڈیو میں ملزم نے استعمال کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔