وکاس کی اُجین سے گرفتاری: یوپی پولیس پشیماں، اپوزیشن یوگی حکومت پر حملہ آور

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ الرٹ کے باوجود ملزم کا اجین تک پہنچنا نہ صرف سیکورٹی کے دعووں کی پول کھولتا ہے بلکہ ملی بھگت کی جانب بھی اشارہ کرتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: وکاس دوبے کو گرفتار نہ کر پانے اور اس کے مدھیہ پردیش کے اجین پہنچنے کے بعد جمعرات کو گرفتار ہونے پر جہاں یوپی پولیس پشیماں ہے تو وہیں ریاست کی اپوزیشن پارٹیوں نے وکاس دوبے کی گرفتاری کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے پورے معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔


کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا 'کانپور کے بہیمانہ قتل میں یوپی حکومت کو جس مستعدی سے کام کرنا چاہیے تھا وہ پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی۔ الرٹ کے باوجود ملزم کا اجین تک پہنچنا نہ صرف سیکورٹی کے دعووں کی پول کھولتا ہے بلکہ ملی بھگت کی جانب بھی اشارہ کرتا ہے۔

شہید سرکل افسر دویندر مشرا کی جانب سے اس وقت کے ایس ایس پی انند دیو کو لکھے گئے خط کے سلسلے میں انہوں نے کہا 'تین مہینے پرانے خط پر'نو ایکشن' اور شاطر مجرمین کی فہرست میں 'وکاس' کا نام نہ ہونا بتاتا ہے کہ اس معاملے کے تار دور تک جڑے ہوئے ہیں۔ یوپی حکومت کو معاملے کی سی بی آئی سے جانچ کرا کر سبھی حقائق اور پروٹکشن کےتعلقات کو جگ ظاہر کرنا چاہیے۔


وہیں سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا 'خبر آرہی ہے کہ کانپور سانحہ کا کلیدی ملزم پولیس کی حراست میں ہے۔ اگر یہ سچ ہے توحکومت صاف کرے کہ یہ خودسپردگی ہے یہ گرفتاری۔ ساتھ ہی اس کے موبائل کی سی ڈی آرعام کی جائے جس سے ملی بھگت کا پردہ فاش ہوسکے۔

سینئر کانگریس لیڈر و سابق وفاقی وزیر جتن پرساد نے امر دوبے کی بیوی خوشی کی گرفتاری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا 'دوبے گینگ کے بے سہارا ماں۔باپ اور 9 دن قبل ازدواجی زندگی میں منسلک ہوئی خوشی جو اب بیوہ ہے، اس کو ہراساں کرنے سے کیا ہونے والا ہے؟ وکاس دوبے کو گرفتار کر کے سسٹم میں اوپر سے نیچے تک اس کے تعلقات کی جانچ ہونی چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ امر دوبے جسے پولیس نے انکاونٹر میں مار دیا اس نے 29 جون کو ہی خوشی سے شادی کی تھی۔ بدھ کو پولیس نے امر دوبے کو انکاونٹر میں ہلاک کردیا۔


انہوں نے اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں لکھا 'پولیس حراست میں ہونے کے باوجود پربھاکر مشرا کا مڈبھیڑ دکھا کر انکاؤنٹر کرنا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ حکومت اصل کہانی کو چھپانے میں لگی ہے تاکہ بڑے چہرے بے نقاب نہ ہو جائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔