ارون جیٹلی نے ملک سے جھوٹ بلا: راہل
جیٹلی نے 15 منٹ تک مالیا سے بات کی: راہل
پریس کانفرنس کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ یکم مارچ 2016 کو ارون جیٹلی نے وجے مالیا سے 15 منٹ تک بات کی تھی اور پی ایل پونیا اس واقعہ کے گواہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، ’’وجے مالیا نے کل کہا تھا کہ وہ روانہ ہونے سے قبل پارلیمنٹ میں جیٹلی سے ملے تھے۔ ارون جیٹلی نے تمام میٹنگوں کی بلاگ میں تفصیل دی لیکن پتہ نہیں کیوں انہوں نے اس ملاقات پر کوئی بلاگ نہیں لکھا۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا، ’’وزیر خزانہ نے ایک بھگوڑے سے بات کی، بھگوڑے نے ان سے کہا کہ وہ لندن جارہا ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بات سی بی آئی، ای ڈی یا پھر پولس کو نہیں بتائی، کیوں؟ گرفتاری کا نوٹس اطلاعی نوٹس میں تبدیل ہو گیا، یہ سب وہی کر سکتا ہے جو سی بی آئی کو کنٹرول کرتا ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر خزانہ کی ملی بھگت سے ایک مجرم ملک سے بھاگنے میں کامیاب ہوا ہے۔
راہل نے کہا، ’’حکومت رافیل پر جھوٹ بول رہی ہے، حکومت اس پر بھی جھوٹ بول رہی ہے کہ وجے مالیا کے بھاگنے میں وزیر خزانہ نے مدد کی۔‘‘
مالیا کی وزیر خزانہ سے ملاقات کی تصدیق کے بعد کانگریس نے مودی حکومت پر زبردست حملہ بولا ہے، کانگریس صدر راہل گاندھی نے مطالبہ کیا ہے کہ ان الزامات کی آزادانہ جانچ ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ کل لندن کی عدالت کے باہر وجے مالیا نے سنگین الزامات لگائے تھے، انہوں نے کہا کہ ہندوستان چھوڑنے سے پہلے وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے ملاقات کی تھی اور کمپنی کی دین داری کے معاملات نمٹانے کی بات بھی ہوئی تھی۔
راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’لندن میں وجے مالیا کے ذریعہ لگائے گئے سنگین الزامات کے پیش نظر وزیر اعظم کو فوراً اس معاملہ کی آزادانہ جانچ کے احکام دینے چاہیں، ساتھ ہی جانچ پوری ہونے تک ارون جیٹلی کو وزارت خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے‘‘۔
اس سے پہلے مالیا۔جیٹلی کی ملاقت پر کانگریس نے کہا تھا ’’ملک چھوڑکر بھاگنے سے پہلے وجے مالیا نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے کئی مرتبہ ملاقات کی اور دین داری کے سلسے میں بھی بات کی۔ اس کے باوجود مودی حکومت نے اسے ہزاروں کروڑ کے قرض کے ساتھ بھاگ جانے دیا۔ کیا اب بھی کوئی ثبوت چاہیے کہ یہ حکومت کا پسندیدہ سرمایہ دار تھا ‘‘۔
غور طلب ہے کہ وجے مالیا نے بدھ کو اپنے خلاف (ہندوستان واپسی) لندن کی ایک عدالت میں چل رہی سنوائی کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ اس نے ہندوستان چھوڑنے سے پہلے وزیر خزانہ سے ملاقات کی تھی اور اپنی دینداری کے معاملہ کو حل کرنے کی پیش کش کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔