مالیہ کو ہندوستان لانے کا راستہ صاف، لندن کی عدالت نے دی حوالگی کی منظوری
ملک کے بینکوں کے ہزاروں کروڑ روپے غبن کر کے لندن بھاگنے والی شراب تاجر وجے مالیہ کو ہندوستان لانے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ برطانیہ کی ویسمنسٹر عدالت نے وجے مالیہ کی حوالگی کی اجازت دے دی ہے۔
نئی دہلی/ لندن: بینکوں کانوہزار کروڑ روپے کی دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں مفرور شراب تاجر وجے مالیہ کو ہندوستان لانے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔ برطانیہ کی ایک عدالت نے مالیہ کی حوالگی کو منظوری دے دی۔
سی بی آئی نے لندن کی ایک نچلی عدالت کے ذریعہ اس سلسلے میں دئے گئے فیصلے کی اطلاع دی اور اس کا خیر مقدم کیا۔
سی بی آئی کے ترجمان ابھیشیک دیال نے یو این آئی کو بتایا کہ چیف مجسٹریٹ ایما آربٹ ناٹ نے تقریباً ایک سال تک چلنے والی سماعت کے بعد مالیہ کی حوالگی کو منظوری دی۔
فیصلہ سے قبل مالیہ نے وہاں عدالت کے احاطے میں موجود میڈیا سے کہا تھا کہ عدالت کا جو بھی فیصلہ آئے گا وہ انہیں منظور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کا پیسہ نہیں چرایا، میں قرض لیا ہوا پیسہ ادا کرنے کے لئے تیار ہوں۔ قرض کا حوالگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘ حالانکہ مالیہ نے یہ بھی کہا کہ اس نے قرض کنگ فیشر ایئرلائنز کے لئے لیا تھا اور وہ کمپنی ڈوب گئی۔
برطانوی عدالت کے فیصلہ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سی بی آئی نے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ سی بی آئی کے ترجمان نے کہا، ’’ہم جلد ہی مالیہ کو ہندوستان لانے کی امید کرتے ہیں۔ سی بی آٗی کے پاس طاقت ہے، ہم نے اس کیس پر سخت محنت کی ہے۔ ہم قانون اور حقائق کی بنیاد پر مضبوط ہیں اور ہمیں پوری امید ہے کہ جلد ہی ہم مالیہ کی حوالگی میں کامیاب ہوں گے۔‘‘
واضح رہے کہ مالیہ کے خلاف حوالگی کا معاملہ لندن کی عدالت میں گزشتہ سال دسمبر میں قائم ہوا تھا۔ دیوالیہ قرار دی گئی کنگ فیشر ایئر لائنز کے سربراہ رہے 62 سالہ مالیہ پر ہندوستانی بینکوں سے تقریباً 9 ہزار کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کرنے کا الزام ہے۔ اس معاملہ کو لے کر گزشتہ سال اپریل میں حوالگی وارنٹ پر گرفتاری کے بعد مالیہ لندن میں ضمانت پر ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔