گیان واپی مسجد کے احاطہ میں ویڈیو گرافی کے سروے کا کام شروع
اتر پردیش کے وارانسی میں واقع گیان واپی مسجد کمپلیکس میں ہفتہ کی صبح 8 بجے سے سخت سیکورٹی کے درمیان ویڈیو گرافی سروے کا کام شروع ہو گیا
وارانسی: اتر پردیش کے وارانسی میں واقع گیان واپی مسجد کمپلیکس میں ہفتہ کی صبح 8 بجے سے سخت سیکورٹی کے درمیان ویڈیو گرافی سروے کا کام شروع ہوگیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پورے مسجد کمپلیکس کو حفاظتی حصار میں لیتے ہوئے ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ سروے کے علاقے میں صرف عدالت کی طرف سے مقرر کردہ ایڈووکیٹ کمشنر، فریقین کے وکلاء، مدعی اور مدعا علیہ اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کو اجازت دی گئی ہے۔
جمعہ کو وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے بتایا تھا کہ عدالت کی ہدایت کے مطابق سروے کا کام ہفتہ کی صبح 8 بجے شروع ہوگا اور دن کے 12 بجے تک جاری رہے گا۔ ضلع مجسٹریٹ نے ہفتہ کو اس معاملے سے متعلق دونوں پارٹیوں کے نمائندوں کی میٹنگ بھی بلائی ہے۔ انتظامیہ نے سب سے اپیل کی ہے کہ وہ سروے کے کام میں تعاون کریں اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔
قابل ذکر ہے کہ گیان واپی مسجد معاملے میں جمعہ کو سول جج سینئر ڈویژن روی کمار دواکر نے ویڈیو گرافی سروے کا کام دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کی جانب سے مقرر کردہ ایڈووکیٹ کمشنر کی ٹیم کو سروے رپورٹ 17 مئی سے پہلے عدالت میں پیش کرنا ہوگی۔ عدالت میں اس معاملے کی سماعت کی اگلی تاریخ 17 مئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔