پاکستان میں داخل ہونے والے حیدرآبادی نوجوان کی ویڈیو وائرل، ’میرا بیٹا بےقصور ہے‘
پرشانت کے علاوہ اس کے دوست وری لال کو بھی پاک فوج نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ پاکستانی سرحد بہاولپور سے پاکستان میں داخل ہو رہے تھے۔ ان دونوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
حیدرآباد: سرحد کو عبور کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے پر اپنے ساتھی کے ساتھ گرفتار حیدرآبادی نوجوان پرشانت کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ اس ویڈیو میں اس نے تلگو زبان میں کہا کہ اس کو پولس اسٹیشن سے عدالت لایا گیا ہے جہاں سے اس کو جیل بھیجا جائے گا اور اس کے بعد ہندوستانی سفارت خانہ کو اس کی اطلاع دی جائے گی۔
’میرا بیٹا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں‘
ادھر، سرحد کو عبور کر کے پاکستان کے علاقہ میں داخل ہونے پر اپنے ساتھی کے ساتھ گرفتار حیدرآبادی نوجوان پرشانت کے والد نے کہا ہے کہ ان کا بیٹا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہے، لہذا اسے رہا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہلی میں واقع پاکستانی سفارت خانہ میں اپنی گہار لگانے جائیں گے۔
پرشانت کے علاوہ اس کے دوست وری لال کو پاک فوج نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ پاکستان کی سرحد بہاولپور سے پاکستان میں داخل ہو رہے تھے۔ ان دونوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ پاک فوج اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ یہ نوجوان کس طرح اس ملک میں داخل ہو رہے تھے۔
پرشانت کی گرفتاری کی اطلاع پر اس کے والد بابو راؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہے۔ اے پی کے وشاکھاپٹنم سے تعلق رکھنے والے بابو راؤ کا خاندان گزشتہ پانچ برس سے حیدرآباد کے کوکٹ پلی علاقہ میں مقیم ہے۔ پرشانت، مادھاپور میں ایک سافٹ ویر کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔ دو سال پہلے وہ گھر سے چلا گیا تبھی سے اس کے ارکان خاندان کو اس کا کوئی سراغ نہیں معلوم ہو رہا تھا۔
پرشانت کے لاپتہ ہونے کی ایک شکایت 29 اپریل 2017 کو اس کے والد بابو راؤ نے مادھاپور پولس سے کی تھی۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے کے بعد پرشانت بنگالور پہنچا جہاں اس نے ایک کمپنی میں خدمات انجام دیں۔ اسی دوران اس کی محبت اسی کمپنی میں کام کرنے والی ایک لڑکی سے ہوگئی تاہم محبت میں ناکامی پر وہ کافی مایوس ہوگیا تھا۔
اسی دوران وہ راجستھان سے اپنے ساتھی ہری لال کے ساتھ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس کو پاک فوج کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا۔ پاکستاںی فوج اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ یہ دونوں نوجوان کس طرح اس ملک کی سرحد کو پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی دوران تلنگانہ پولس اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ پرشانت کی دوستی، مدھیہ پردیش کے رہنے والے ہری لال سے کس طرح ہوئی اور وہ پاکستان کیوں جا رہا تھا۔ تمام زاویوں سے اس معاملہ کی جانچ کے بعد رپورٹ مرکزی وزارت داخلہ کو پیش کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 19 Nov 2019, 6:11 PM