نوئیڈا میں انسانیت شرمسار، بقایا قرض واپس نہ کرنے پر سبزی فروش کو ننگا کیا، مارا پیٹا گیا
ویڈیو میں مبینہ طور پر سبزی فروش کو اس کے کپڑے اتارنے پر مجبور کرتے ہوئے اور اس کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع سے انسانیت کو شرمسار کر دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک سبزی فروش کو قرض لینا اتنا مہنگا پڑ گیا کہ اسے ننگا کر مارا پیٹا گیا اور بازار میں گھمایا گیا۔ درحقیقت، پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق، نوئیڈا میں ایک 35 سالہ لہسن بیچنے والے کو قرض دینے والے اور اس کے ساتھیوں نے اس وقت مارا پیٹا جب وہ 5,600 روپے کے کل قرض کا ایک حصہ ادا کرنے سے قاصر تھا۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق ایڈیشنل ڈی سی پی (سنٹرل نوئیڈا) راجیو ڈکشٹ نے کہا کہ اس معاملے میں دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ معلومات کے مطابق، تقریباً ایک ماہ قبل قرض لینے والے لہسن بیچنے والے نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ وہ لہسن کا ٹھیلا لگانے کے علاوہ سیکٹر 88 کی پھل سبزی منڈی میں کام کرتا ہے۔
پریشان بیچنے والے کے مطابق، پیر کو وہ 5,600 روپے کے قرض میں سے 2,500 روپے واپس کرنے گیا اور درخواست کی کہ وہ بالآخر باقی قرض بھی واپس کر دے گا۔ مین پور، اتر پردیش کے رہنے والے سبزی فروش نے کہا، "قرض دینے والے نے اپنے اکاؤنٹنٹ اور دو مزدوروں کو دکان پر بلایا۔ انہوں نے مجھے دکان کے اندر پکڑا، میرے کپڑے اتارے، لاٹھیوں سے مارا اور مجھے گالی دی۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی ہے جس میں مبینہ طور پر بیچنے والے کو اس کے کپڑے اتارنے پر مجبور کرتے ہوئے اور اس کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے بعد برہنہ شخص کو بغیر کپڑوں کے دکان سے کھلے میں بھیج دیا جاتا ہے۔
ایڈیشنل ڈی سی پی دکشت نے کہا کہ پیر کو ہی قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ دکشت نے کہا، "مرکزی ملزم سندر سنگھ اور اس کے ساتھی بھگنداس سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فرار ہونے والوں کو بھی جلد پکڑا جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔